|

وقتِ اشاعت :   January 5 – 2015

اسلام آباد: قومی اسمبلی میں 21 ویں آئینی ترمیمی بل پرآج ہونے والی ممکنہ ووٹنگ کل تک کے لئے موخر کردی گئی۔ قومی اسمبلی میں قومی ایکشن پلان پرعملدرآمد کے لئے پارلیمنٹ سے 21ویں آئینی ترمیمی بل کی منظوری لینا تھی تاہم جمعیت علما اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی جانب سے خدشات کے اظہار کے بعد اسے کل تک کے لئے موخرکردیا گیا، حکومت کو ترمیمی بل کی منظوری کے لئے 228 ووٹوں کی ضرورت تھی جو پیپلزپارٹی اور حکومت کے ووٹ ملا کر مطلوبہ تعداد بنتی ہے تاہم حکومت 21ویں آئینی ترمیم پر قومی اتفاق قائم کرنا چاہتی ہے جس کے پیش نظر بل پر ووٹنگ کل تک کے لئے موخر کردی گئی۔ واضح رہے کہ چند روز قبل وزیراعظم نواز شریف کی زیر صدارت آل پارٹیز کانفرنس کے دوران تمام پارلیمانی جماعتوں کے سربراہان اور عسکری قیادت نے دہشتگردی سے نمٹنے کے لئے فوجی عدالتوں کے قیام پر اتفاق کیا تھا جو 20 نکات پر مشتمل قومی ایکشن پلان کا اہم جز ہے۔