|

وقتِ اشاعت :   January 9 – 2015

پیرس: مشرقی پیرس میں جمعے کے روز فائرنگ کے ایک تازہ واقعے میں دو افراد ہلاک ہوگئے جبکہ ایک سپر اسٹور میں متعدد افراد کو مغوی بنالیا گیا۔ خبر رساں ادارے اے ایف پی نے ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ یہ واقعہ کوشر گروسری اسٹور میں پیش آیا جبکہ فائرنگ کے نتیجے میں کم از کم ایک شخص زخمی بھی ہوا۔ واقعے کے بعد علاقے کے اسکولوں کو بند کردیا گیا ہے جبکہ اطلاعات کے مطابق اس سپر اسٹور کے مالک یہودی ہیں۔
شبہ ظاہر کیا جارہا ہے کہ واقعے میں ملوث ملزمان وہی ہیں جنہوں نے گزشتہ روز پیرس میں ایک خاتون پولیس اہلکار کو ہلاک کردیا تھا جبکہ ان کا تعلق پیرس میں رسالے پر حملہ کرنے والے ملزمان سے بھی جوڑا جارہا ہے۔ خاتون پولیس اہلکار کی ہلاکت کے سلسلے میں پولیس نے دو ملزمان کو مطلوب قرار دیا ہے تاہم یہ واضح نہیں کیا گیا کہ آیا ان ملزمان نے ہی سپر اسٹور پر حملہ کیا ہے یا جائے وقوع پر موجود ہیں۔