|

وقتِ اشاعت :   January 10 – 2015

راولپنڈی: گلزار قائد کے علاقے میں واقع ایک نجی اسپتال سے انسانی گردوں کی فروخت کے دھندے میں ملوث 3 ڈاکٹرز سمیت 4 افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔ پولیس کو اطلاع ملی کہ راولپنڈی کے پوش علاقے گلزار قائد میں کچھ لوگ حرا اسپتال کے نام سے ایک نجی کلینگ چلا رہے ہیں جس میں انسانی گردوں کی فروخت کا گھناؤنا دھندا کیا جا رہا ہے جس پر پولیس نے چھاپہ مار کر 2 لیڈی اور ایک مرد ڈاکٹر سمیت 4 افراد کو گرفتار کر لیا۔ پولیس افسر نے ایکسپریس نیوز کو بتایا کہ چھاپے کے وقت ایک شخص کا گردہ نکالا جا چکا تھا جب کہ 3 افراد کے گردے نکالنے کے لئے آپریشن جاری تھے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ چند روز قبل ہی یہ کلینک قائم کیا گیا اور اس میں غریب لوگوں کو پیسوں کا جھانسہ دے کر ان کے گردے نکال کر فروخت کئے جاتے تھے۔ ایک متاثرہ شخص نے بتایا وہ 3 لاکھ روپے کا مقروض تھا اور مجھے گردے کے عوض ایک لاکھ 30 روپے دینے کا کہا گیا تھا، میرا گردہ نکالا جا چکا ہے ہے لیکن ابھی تک مجھے رقم ادا نہیں کی گئی۔ ایک شخص کو زخمی حالت میں بے نظیر بھٹو اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔