کوئٹہ: بلوچستان کے ضلع لورالائی کے علاقے میختر میں شدت پسندوں نے سیکیورٹی چوکی پر حملہ کر کے فرنٹیئر کور کے سات اہلکاروں کو ہلاک کردیا۔
سیکیورٹی ذرائع نے ڈان کو بتایا کہ تقریباً 40 عسکریت پسندوں نے چوکی پر راکٹوں سے حملہ کردیا جس کے نتیجے میں ایف سی کے سات اہلکار ہلاک ہو گئے۔
اس موقع پر سکیکیورٹی فورسز نے جوابی فائرنگ کی جس کے نتیجے میں متعدد حملہ آور زخمی ہوئے لیکن وہ موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
حملے کے بعد سیکیورٹی فورسز کی اضافی نفری موقع پر پہنچ گئی جبکہ حملہ آوروں کا سراغ لگانے کے لیے ہیلی کاپٹر سے بھی مدد لی گئی۔
حملہ کے بعد اطراف کے علاقوں میں صورتحال انتہائی کشیدہ ہو گئی ہے۔
یاد رہے کہ اس واقعے سے ایک ہفتے قبل اس علاقے سے متعدد اہم شدت پسندوں کی گرفتاری عمل میں آئی تھی۔
حال میں شدت پسندوں نے ژوب کے علاقے سے آٹھ سویلین آفیشلز کو بھی اغوا کر لیا تھا۔
بلوچستان رقبے کے لحاظ سے پاکستان کا سب سے بڑا لیکن ک تر ترقیاتی صوبہ ہے جو ایک سہائی سے زائد عرصے سے پرتشدد واقعات کی لپیٹ میں ہے اور اب تک ہزاروں افراد اس میں لقمہ اجل بن چکے ہیں۔