|

وقتِ اشاعت :   January 12 – 2015

اسلام آباد: امریکی وزیر خارجہ جان کیری آج 2 روزہ دورے پر پاکستان پہنچیں گے جس کے دوران وہ وزیر اعظم نواز شریف سے ملاقات اور پاک امریکا اسٹریٹجک مذاکرات میں شرکت کریں گے۔ اپنے 2 روزہ دورے کے پہلے روز جان کیری وزیر اعظم نواز شریف اور مشیر خارجہ سرتاج عزیز سے ملاقات کریں گے جب کہ نواز شریف ان کے اعزاز میں عشائیہ بھی دیں گے، دورے کے دوسرے روز پاكستان اور امریكا كے درمیان اسٹریٹجک مذاكرات كا دور ہوگا جس میں پاكستان كی نمائندگی سرتاج عزیز كریں گے، مذاکرات میں پاک امریكا وركنگ گروپ كے نتائج كے حوالے سے غور كیا جائے گا جب کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات مزید مضبوط كرنے كے حوالے سے مختلف امور پر تبادلہ خیال بھی ہوگا۔ ذرائع كے مطابق امریكی وزیر خارجہ اپنے دورے کے دوران پاكستانی قیادت كو  صدر باراک اوباما كے رواں ماہ ہونے والے دورہ بھارت اور پاكستانی حكام لائن آف كنٹرول اور ورکنگ باؤنڈری پر بھارت كی بلااشتعال فائرنگ اور گولاباری کے حوالے سے بھی بات کریں گے جب کہ  پاکستان کو سول نیوکلیئر ٹیکنالوجی کی ضرورت سے بھی جان کیری کو آگاہ کیا جائے گا۔