|

وقتِ اشاعت :   January 14 – 2015

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر) بلوچستان کے ضلع جھل مگسی میں پرانی دشمنی کی بناء پر فائرنگ کرکے لیویز اہلکار کو رشتہ دار سمیت قتل کردیا گیا۔ تحصیلدار جھل مگسی ارباب مگسی کے مطابق واقعہ جھل مگسی کے علاقے جامع مسجد روڈ پر پیش آیا جہاں دو مسلح افراد نے لیویز اہلکار ہیبت خان ولد راوت خان مگسی اور اس کے چچا زاد گل حسن ولد نوروز خان مگسی کو فائرنگ کا نشانہ بنایا۔ ملزمان نے کلاشنکوف سے اندھا دھند فائرنگ کی اور فرار ہوگئے۔فائرنگ کے نتیجے میں دونوں افراد جاں بحق ہوگئے۔ لیویز کے مطابق ہیبت خان کی سند کی پہاڑی پر ڈیوٹی تھی۔ وہ راشن لانے کیلئے بازار آیا تھا اور راشن خریدنے کے بعد اپنے رشتہ دار گل حسن کے ہمراہ واپس جارہا تھا۔ واقعہ میں دو بھائیوں مراد اور ممتاز علی کے ملوث ہونے شبہ ظاہر کیا گیا ہے جن کی مقتولین کے ساتھ پرانی دشمنی چلی آرہی ہے۔