اسلام آباد:سینٹرل پاور پرچیز ایجنسی (سی پی پی اے) نے نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی سے درخواست کی ہی کہ بجلی کی قیمت میں فی یونٹ 3 روپے 20 پیسے کمی کی جائے۔
ایجنسی کے مطابق دسمبر میں عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمت میں کمی ہوئی ہے جس سے بجلی کی قیمت کم کی جانی چاہیے۔
نیپرا نے سی پی پی اے کی درخواست کو منظور کرتے ہوئے اس کی سماعت کی منظوری دے دی ہے۔
اگر نیپرا نے یہ درخواست منظور کرکے قیمتوں میں کمی کا فیصلہ کیا تو کے الیکٹرک (کراچی) کے صارفین کے علاوہ ملک بھر میں شہری اس سے استفادہ کر سکیں گے۔
فی یونٹ نرخ میں کمی کا فائدہ شہری فروری کے بلوں میں حاصل کر سکیں گے۔
سی پی پی اے کی درخواست میں کہا گیا ہے کہ جس وقت عالمی مارکیٹ میں فرنس آئل کی قیمت 75 ہزار روپے ٹن تھی تو فی یونٹ بجلی کی قیمت 9 روپے 53 پیسے تھی۔
درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ فرنس آئل کی قیمت اس وقت 40 ہزار روپے ٹن پر آگئی ہے جس کے بعد اب فی یونت بجلی کی قیمت 6 روپے 32 پیسے کی جائے یوں فی یونٹ 3 روپے 20 پیسے کی کمی آئے گی۔
دوسری جانب فرنس آئل سے بجلی پیدا کرنے والے پلانٹس کو بھی سپلائی متاثر ہوئی ہے کیونکہ پی ایس او (پاکستان اسٹیٹ آئل) کی واجبات کے باعث بینکوں نے مزید ادائیگیاں کرنے سے انکار کر دیا تھا۔
پی ایس او کی جانب سے آئل کی سپلائی متاثر ہونے سے وزارت پانی اور بجلی نے لوڈ شیڈنگ میں بھی اضافہ کر دیا ہے کیونکہ پیدواری پلانٹس استعداد کے مطابق بجلی فراہم نہیں کر رہے۔
سی سی پی اے نے مزید کہا کہ ڈیزل سے بجلی پیدا کرنے والے یونٹس سے فی یونٹ بجلی 19 روپے، فرنس آئل سے 12 روپے 38 پیسے، گیس سے چلنے والے پلانٹس ے 3 روپے 57 پیسے ، جوہری بجلی گھر سے ایک روپے 18 پیسے پیدا ہوتی ہے جبکہ ایران سے 10 روپے 20 پیسے پر در اآمد کی جاتی ہے جس سے دسمبر 2014 میں 20 ارب روپے کی بچت ہوئی۔
نیپرا نے فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں نومبر 2014 میں بجلی کے نرخ فی یونٹ 2 روپے 97 پیسے کم کیے مگر وفاقی حکومت اس پر ایکولائزیشن سرچارج لگا کر 60 پیسے فی یونٹ کا ٹیکس عائد کر دیا جس سے صارفین کو 2 روپے 36 پیسے کا یونٹ ملا۔