کراچی: شہر میں ایک بار پھر 3 روز کے لیے موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی لگادی گئی ہے۔
کراچی میں ایک بار پھر موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔ صوبائی محکمہ داخلہ نے رات 12 بجنے سے کچھ دیر قبل ہی ڈبل سواری پر پابندی کا اعلامیہ جاری کیا جس کےمطابق ڈبل سواری پر پابندی سکیورٹی خدشات کی بنا پر 27 سے 29 جنوری تک کے لیے لگائی گئی ہے جس کا اطلاق 26 جنوری کی رات 12 بجے سے ہوگا۔
محکمہ داخلہ کی جانب سے اطلاق سے کچھ دیر قبل ہی ڈبل سواری پرپابندی کے اعلان سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اور پولیس نے دوران سفر اس پابندی سے لاعلم کئی موٹرسائیکل سواروں کی قانون کی خلاف ورزی کے نام پر پکڑ دھکڑ شروع کردی۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہےکہ شہر میں پولیو مہم کے دوران سکیورٹی خدشات کے باعث ڈبل سواری پر پابندی عائد کی گئی ہے جس کی خلاف ورزی قابل گرفت جرم ہوگا لہٰذا شہریوں سے اپیل ہے کہ وہ اس سلسلے میں قانون کی خلاف ورزی سے پرہیز کریں۔
واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے بھی کراچی میں 3 روز کے لیے موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد کی گئی تھی اور اب ایک ہفتہ گزرنے کےبعد شہریوں کو پھر ڈبل سواری کی سہولت سے محروم کردیا گیا ہے۔
کراچی میں 3 دن کے لئے موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد
وقتِ اشاعت : January 27 – 2015