کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر) کوئٹہ کینٹ تھانے کے تفتیشی عملے نے چھاپے مار کر بلوچستان کانسٹیبلری کے اسلحہ خانے سے چوری کی گئیں مزید42ہزار کلاشنکوف کی گولیاں برآمد کرلیں ۔ پولیس کے مطابق کینٹ تھانے کی انویسٹی گیشن ٹیم نے ڈی ایس پی واحد بخش کی سربراہی میں گرفتار بی سی اہلکار مصور خان اور اسلحہ ڈیلرز نذیر احمد کی نشاندہی پر جناح روڈ پر واقع ریگل پلازہ میں نجی اسلحہ ڈیلر کی دکان پر چھاپہ مارا گیا جہاں سے چوری شدہ پچیس ہزار گولیاں برآمد ہوئیں ۔ ایک اور کارروائی تھانہ سٹی کی حدود میں کی گئی جہاں سرکلر روڈ پر ایک نجی اسلحہ ڈیلر ز پر چھاپے کے دوران سترہ ہزار گولیاں برآمد ہوئیں۔ یہ کارروائی گرفتار اسلحہ ڈیلر محمد اجمل کی نشاندہی پر کی گئی۔کلاشنکوف کی یہ گولیاں بلوچستان کانسٹیبلری کے اسلحہ خانے سے چوری کرکے غیر قانونی طور پر ان اسلحہ ڈیلرز کو فروخت کی گئی تھیں۔ پولیس نے گرفتار سول لائن اور سٹی پولیس تھانہ میں اسلحہ ایکٹ کے تحت دو مزید مقدمات درج کرلئے۔ یاد رہے کہ دو روز قبل بھی کاسی روڈ پر شالدرہ اور پشتون آباد کے علاقے ملا عبدالسلام روڈ پر دو مکانات پر چھاپے مارے گئے تھے جس کے دوران وہاں سے کلاشنکوف کی چوری شدہ پینتالیس ہزار گولیاں اور چار ٹی ٹی پستول برآمد کئے گئے۔