|

وقتِ اشاعت :   January 28 – 2015

کوئٹہ ۔ وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے بلدیاتی ادارو ں کے انتخابات اور اس کے آخری مرحلے کی پرامن اور جمہوری انداز میں تکمیل پر مسرت اور اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مخلوط صوبائی حکومت نے اختیارات کی نچلی سطح تک منتقلی کا اپنا وعدہ اور عہد پورا کردکھایا ہے بلدیاتی انتخابات کے عمل کی کامیابی سے تکمیل پر اپنے پیغام میں وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ ہم جمہوری اور عوامی لوگ ہیں جس کی بناء پر یہ دعویٰ کرنے میں حق بجانب ہیں کہ ہم اختیارات کی نچلی سطح تک منتقلی کے داعی ہیں جس کا ثبوت یہ ہے کہ بلوچستان ملک کا پہلا اور واحد صوبہ ہے جہاں بلدیاتی اداروں کے اتنخابات کے تمام مراحل پر امن ماحول میں بخیر وخوبی انجام پائے ہیں جس سے نہ صرف اختیارات کی نچلی سطح تک منتقلی سے عوام کو براہ راست فیصلہ سازی میں اپنی شرکت کا احساس ہوگا بلکہ ان کے بنیادی مسائل بھی ان کی دہلیز پر حل ہوں گے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات کے تمام مراحل میں صوبے کے عوام کی جانب سے فعال اور مخلص بلدیاتی قیادت کا انتخاب ان کے سیاسی شعور کا مظہر ہے انہوں نے کہا کہ صوبے میں بلدیاتی اداروں کی فعالی سے ترقی کے عمل میں تیزی آنے کے ساتھ ساتھ امن وامان کی مجموعی صورتحال میں بھی نمایاں بہتری آئے گی۔ وزیراعلیٰ نے بلوچستان بھر میں مختلف سیاسی جماعتوں سے تعلق رکھنے والے مےئر و ڈپٹی مےئر اور چےئرمین و ڈپٹی چےئرمین کے عہدوں پر کامیاب ہونے والے امیدواروں کو ان کے انتخاب پر مبارکباد دیتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ وہ جمہوریت اور جمہوری اداروں کے استحکام اور عوامی مسائل کے حل کیلئے ایمانداری خلوص نیت اور قومی جذبے سے کام کریں گے۔