|

وقتِ اشاعت :   January 30 – 2015

پرتھ: آسٹریلیا میں جاری سہ ملکی سیریز کے چھٹے میچ میں انگلینڈ نے بھارت کو 3 وکٹ سے شکست دے کر فائنل کے لئے کوالیفائی کر لیا ہے جب کہ میچ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے  انگلش بلے باز جیمز ٹیلر کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ آسٹریلیا  کے شہر پرتھ کے ویسٹرن ایسوسی ایشن کرکٹ گراؤنڈ میں  کارلٹن مڈ ون ڈے انٹر نیشنل ٹرائی سیریز  کے چھٹے میچ میں انگلینڈ کے کپتان ایون مورگن نے ٹاس جیت کر بھارت کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تو بھارتی اوپنرز نے  83 رنز کا اچھا آغاز فراہم کیا لیکن اس کے بعد کوئی بھی بھارتی بلے باز انگلش بولرز  کا جم کر مقابلہ نہ کر سکا اور پوری ٹیم 49 ویں اوور میں 200 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی، بھارت کی جانب سے اجنکیا رہانے نے 73 جب کہ شیکر دھون 38 رنز بنا کر نمایاں رہے ۔ انگلینڈ کی جانب سے اسٹیون فن نے 3 اور معین علی، اسٹیورڈ براڈ اور کرس ووکس نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔ بھارت کی جانب سے دیئے گئے آسان ہدف کے تعاقب میں انگلینڈ کے ابتدائی بلے باز  اچھی کارکردگی نہ دکھا سکے، ایک موقع پر  5 انگلش بلے باز 66 رنز پر پویلین لوٹ چکے تھے لیکن پھر جیمز ٹیلر اور  جوز بٹلر کے درمیان 125 رنز  کی شراکت نے بھارت کی شکست کو یقینی بنا دیا۔ دونوں کھلاڑیوں نے بالترتیب 82 اور 67 رنز بنائے اور 201 رنز کا مقررہ ہدف 7 وکٹوں کے نقصان پر  47ویں اوور میں پورا کرلیا۔ بھارت کی جانب سے اسٹیورٹ بنی نے 3 جب کہ موہت شرما نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ سہہ ملکی سیریز  میں بھارت اب تک چار میچز کھیل چکا ہے جس میں سے 3 میں اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا جب کہ ایک میچ بارش کے باعث بغیر کسی نتیجے کے ختم ہو گیا۔