|

وقتِ اشاعت :   January 30 – 2015

کراچی: سندھ حکومت نے تاجروں کو دھمکیاں دینے کا سختی سے نوٹس لے لیا۔ صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ حکومت تاجروں کی حفاظت کے لیے ہر ممکن اقدام اٹھائے گی۔ دوسری جانب اعلیٰ سطح کے اجلاس میں ٹارگٹڈ آپریشن بلا تفریق جاری رکھنے پر اتفاق کیاگیا۔ وزیرا طلاعات سندھ شرجیل انعام میمن کا کہنا تھا کہ تاجروں اور صنعتکاروں کو دھمکیاں دینے کا عمل افسوسناک اور شرمناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ تاجر اور صنعتکار اپنے آپ کو کراچی میں تنہا نہ سمجھیں اور کراچی میں بلا خوف کاروبار جاری رکھیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت تاجروں کی حفاظت کے لیے ہر ممکن اقدامات کرے گی، تاجر اور صنعتکار بغیر کسی جھجھک کے سندھ حکومت، پولیس اور رینجرز سے رابطہ کر سکتے ہیں۔ علاوہ ازیں ڈی جی رینجرز میجر جنرل بلال اکبر کی صدارت میں امن و امان سے متعلق اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں ٹارگٹڈ آپریشن بلا تفریق جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔ ترجمان رینجرز کے مطابق اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ شہریوں بالخصوص تاجروں، صنعتکاروں اور ڈاکٹروں کی حفاظت یقینی بنائی جائے گی۔ رینجرز کے ترجمان نے مزید کہا کہ شہری کسی بھی مشکوک سرگرمی کی اطلاع رینجرز ہیلپ لائن پر دیں۔