|

وقتِ اشاعت :   January 31 – 2015

ویلنگٹن: نیوزی لینڈ نے پاکستان کو پہلے ایک روزہ میچ میں باآسانی سات وکٹ سے شکست دے کر پاکستان ی ورلڈ کپ تیاریوں کی قلعی کھول دی۔ نیوزی لینڈ نے پاکستان کی جانب سے دیا گیا 211 رنز کا ہدف 412ویں اوور میں پورا کر کے سات وکٹ کی آسان فتح اپنے نام کر لی۔ نیوزی لینڈ کے کپتان برینڈن میکلم نے ٹاس جیتا اور پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا تو پاکستانی اننگز کا آغاز روایتی انداز میں ہوا۔ پہلے ہی اوورز میں حفیظ ملز کا شکار بن گئے 29 کے اسکور پر احمد شہزاد اور پھر تین رنز کے اضافے سے یونس بھی پویلین لوٹ گئے۔ کپتان مصباح الحق اور حارث سہیل نے 49 رنز کی ساجھے داری قائم کی لیکن اسکور ابھی 81 تک پہنچا تو حارث سہیل بھی کپتان کو داغے مفارقت دے گئے جبکہ عمر اکمل کی صورت میں پاکستان کی پانچویں وکٹ گری تو اسکور بورڈ پر صرف 113 رنز کا مجموعہ درج تھا۔ اس موقع پر سرفراز احمد سے امیدیں تھیں لیکن وہ بھی صرف پانچ رنز بنا سکے۔ اس موقع پر ایسا محسوس ہوتا تھا کہ پوری ٹیم محض چند رنز کی مہمان ثابت ہو گی لیکن مصباح اور شاہد آفریدی نے ساتویں وکٹ پر 71 رنز کی شراکت قائم کر کے ٹیم کو سہارا دیا، مصباح الحق 58 رنز بنا کر آفریدی کا ساتھ چھوڑ گئے۔ آفریدی نے روایتی انداز میں تیز رفتار بیٹنگ کی اور بولرز کی خبر لیتے ہوئے صرف 28 گیندوں پر 9 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 67 رنز بنا ڈالے۔ پاکستانی ٹیم 46ویں اوورز میں 210 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی۔ گرانٹ ایلیٹ نے 3، کائیلز ملز ٹرینٹ بولٹ اور کوری اینڈریسن نے 2،2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ نیوزی لینڈ نے بیٹنگ شروع کی تو 31 کے مجموعی اسکور پر برینڈن میک کولم بلاول بھٹی کا شکار بنے۔ دوسری وکٹ کے لیے 44 رنز کی شراکت قائم ہوئی لیکن شاہد آفریدی نے اپنے پہلے ہی اوور میں ٹیم کو دوسری کامیابی دلا دی۔ 101 کے مجموعی اسکور پر جب مارٹن گپٹل آؤٹ ہوئے تو میچ میں پاکستان کی امید ہو چلی لیکن روس ٹیلر اور گرانٹ ایلیٹ نے پاکستانی امیدوں پر پانی پھیر دیا۔ دونوں کھلاڑیوں نے اس کے بعد کوئی اور وکٹ نہ گرنے دی اور چوتھی وکٹ کے لیے نقابل شکست 112 رنز کی پارٹنر شپ قائم کر کے اپنی ٹیم کو سات وکٹ کی آسان فتح سے ہمکنار کرادیا۔ روس ٹیلر 59 اور ایلیٹ نے 64 رنز کی ناقابل شکست اننگ کھیلی۔ گرانٹ ایلیٹ کو شاندار آل راؤنڈر کارکردگی پر میچ کا بہترین کھلاڑی چنا گیا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا دوسرا اور آخری میچ تین فروری کو نیپیئر میں ہو گا۔