|

وقتِ اشاعت :   February 1 – 2015

لاہور: ملک کے مختلف شہروں میں پٹرول سستا ہوتے ہی اس کی دستیابی متاثر ہوئی ہے جس سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ واضح رہے کہ وزیر اعظم نواز شریف نے گزشتہ روز پٹرول 7 روپے 99 پیسے سستا کرنے کا اعلان کیا تھا جس کے بعد پٹرول سی این جی سے سستی ہو گئی، پٹرل کی نئی قیمت 70 روپے 29 پیسے ہوگئی ہے۔ پنجاب کے شہر ملتان میں پٹرول کی عدم دستیابی کے باعث شہریوں کو مشکل کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ شہر کے مختلف علاقوں میں پٹرول پمپ بند ہیں جبکہ کسی بھی پٹرول پمپ کے کھلے ہونے پر وہاں طویل قطاریں لگ جاتی ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پٹرل پمپ مالکان نے قیمت کم ہونے کے اعلان سے قبل ہی نیا اسٹاک نہیں منگوایا تھا جبکہ محدود اسٹاک گزشتہ روز ہی ختم ہو گیا تھا۔ ڈان نیوز کے مطابق ذرائع نے بتایا کہ پمپ مالکان نے آج پٹرول منگوایا ہے کس کے پہنچنے کے بعد صورتحال بہتر ہو سکے گی۔ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ سمیت مختلف شہروں میں پٹرول پمپس بند ہیں۔ شہریوں کو پٹرول کے حصول کے لیے مشکل کا سامنا ہے۔