|

وقتِ اشاعت :   February 4 – 2015

کوئٹہ (پ ر )بلوچستان نیشنل پارٹی کے قائد سردار اختر جان مینگل نے گوادر کے یوسی چیئرمین ناصر کلمتی کے ٹارگٹ کلنگ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بزدلانہ ہتھکنڈوں اور ٹارگٹ کلنگ سے ہمارے مضبوط ارادوں کو کمزور کرنا ممکن نہیں قتل و غارت گری ، بلوچ نسل کشی اور پارٹی ساتھیوں کی شہادت سے ہماری جدوجہد میں کوئی لرزش نہیں آئے گی بلوچستان نیشنل پارٹی نے 2013ء کے انتخابات میں اسی لئے حصہ لیا کہ ہم جمہوری اور تہذیب یافتہ قوم سے تعلق رکھتے ہیں اور انتخابات میں جس طرح دن کے اجالے اور رات کے اندھیرے میں پارٹی مینڈیٹ پر شب خون مارا گیا ہمارا راستہ روکنے کی جس طرح روکا گیا وہ کسی سے ڈھکی چھپی نہیں بلدیاتی انتخابات میں بھی مختلف طریقے سے پارٹی کا راستہ روکا گیا نو منتخب ڈسٹرکٹ کونسلران ، خواتین اور اب ناصر کلمتی سمیت پارٹی دوستوں کی ٹارگٹ کلنگ سے ہمیں کیا پیغام دیا جا رہا ہے اسٹیبلشمنٹ اور اس کے حواریوں کو بلوچستان نیشنل پارٹی کو ایک آنکھ نہیں بہا رہے ماورائے عدالت قتل و غارت گری ، گرفتاریاں اور مختلف طریقوں سے بلدیاتی نمائندوں کو دھونس دھمکیوں اور ہارس ٹریڈنگ کرنے کی جو روش اپنائی گئی وہ قابل تشویش ہے انہوں نے کہا کہ گوادر سمیت بلوچستان میں پارٹی قومی جماعت بنی چکی ہے اب ہماری راہ کو روکنے کیلئے پارٹی کارکنوں کے خون سے ہولی کھیلنے سے بھی گریزاں نہیں انہوں نے کہا کہ دیدہ دانستہ طور پر ہمیں اس حد تک پہنچانے کی کوششیں کی جا رہی ہیں اور پارٹی رہنماؤں کارکنان کی شہادت کے باوجود ہماری جدوجہد کو کمزور نہیں کیا جا سکتا ہے کیونکہ بلوچستان کے بلوچ فرزند اور پارٹی رہنماؤں و کارکن باشعور ہیں پارٹی کارکن و عہدیداران ناصر کلمتی کی ٹارگٹ کلنگ کے خلاف تین روز سوگ منا کر شہید کے خاندان سے دلی ہمدردی کا اظہار کریں ناصر کلمتی کی جدوجہد و قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا جنہیں فراموش کرنا کسی صورت ممکن نہیں ۔