کوئٹہ+ڈیرہ مراد جمالی (اسٹاف رپورٹر+نامہ نگار)کوئٹہ، ڈیرہ بگٹی اور جعفرآباد میں پولیس اور ایف سی نے کارروائیاں کرتے ہوئے بھاری مقدار میں دھماکا خیز مواد اور اسلحہ برآمد کرکے16ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ ڈیرہ بگٹی میں گیس پائپ لائن دھماکے سے تباہ کردی گئی۔ پولیس کے مطابق سی آئی اے پولیس نے ایس پی سی آئی اے شوکت یوسفزئی کی قیادت میں شالکوٹ پولیس تھانے کے عملے کے ہمراہ ہزار گنجی میں مری کیمپ کے قریب پہاڑ کے دامن میں ایک خالی مکان پر چھاپہ مارا۔ کارروائی کے دوران مکان میں 7بوریوں میں چھپایا گیا 205کلو بارود برآمد کیا گیا ۔ بم ڈسپوزل اسکواڈ نے بارود ناکارہ بنادیا جس کے بعد پولیس نے بارود کو اپنی تحویل میں لے لیا تاہم کوئی گرفتاری عمل میں نہیں لائی جاسکی۔ کارروائی کے بعد پولیس نے بلڈزور کے ذریعے مکان کو مسمار کردیا۔ ادھر ضلع ڈیرہ بگٹی کے علاقے پیرکوہ سے24کلو میٹر دور ایئر پورٹ روڈ پر ایف سی 80ونگ نے جھونپڑی نما مکان پر چھاپہ مار کر چار ملزمان الٰہی بخش، داڑی، بارک اور میر بیگ کو گرفتار کرلیا۔ کارروائی کے دوران ملزمان کے قبضے سے چار کلو گرام بارودی مواد، ایک ریموٹ کنٹرول بم، اسی میٹر تار اور ایک موٹر سائیکل بھی برآمد ہوئی۔ برآمد کیا گیا سامان اور ملزمان کو ایف سی قلعہ منتقل کردیا گیا۔ دریں اثناء جعفرآباد میں ڈی پی او جعفرآباد سید اشفاق انور کی سربراہی میں گوٹھ فتح آباد میں پولیس نے ایف سی کے ساتھ ملکر سرچ آپریشن کیا۔ کارروائی کے دوران 12مشتبہ افراد کو گرفتار کیا گیا جو اغواء برائے تاوان اور قتل کی وارداتوں میں ملوث تھے۔ ملزمان کے قبضے سے چار کلاشنکوف بمعہ بیس میگزین،چار شارٹ گن اور بھاری مقدار میں کارتوس برآمد کرلئے۔ علاوہ ازیں ڈیرہ بگٹی کے علاقے تلی مٹ میں نامعلوم افراد نے پیر کوہ سے سوئی پلانٹ کو جانے والی چوبیس انچ قطر کی گیس پائپ لائن کے ساتھ دھماکا خیز مواد نصب کر رکھا تھا۔ دھماکے سے پائپ لائن کا کئی فٹ حصہ تباہ ہوگیا اور سوئی پلانٹ کو گیس کی فراہمی معطل ہوگئی۔ واقعہ کے بعد لیویز ، ایف سی اورگیس کمپنی کا عملہ موقع پر پہنچ گیا۔ لیویز اور ایف سی نے علاقے کو گھیرے میں لے کر ملزمان کی تلاش شروع کردی۔