اسلام آباد(آن لائن)قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے دہشتگردی اور انتہا پسندی کیخلاف نیشنل ایکشن پلان کے تحت اب تک 10616افراد کو گرفتار کیا گیاہے جبکہ ملک بھر میں 14886 آپریشن کئے گئے ہیں ۔ وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کو وزیراعظم ہاؤس میں دی گئی بریفنگ میں بتایا گیا ہے کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے دہشتگردی اور انتہا پسندی کیخلاف بلاامتیاز کارروائی کا سلسلہ جاری ہے اس حوالے سے دہشتگردوں کیخلاف موثر کارروائیاں ہو رہی ہیں ۔ بریفنگ میں بتایا گیا ہے کہ نیشنل ایکشن پلان کے آغاز سے لیکر اب تک مجموعی طور پر 10616افراد کو گرفتار کیا گیا جن میں 1934 کو پنجاب میں گرفتار کیا گیا اسی طرح 1533سندھ ،6038کے پی کے ، 460بلوچستان 505اسلام آباد،7کشمیر ، 10گلگت بلتستان اور 129افراد کو فاٹا سے گرفتار کیا گیا ۔ بریفنگ میں کئے گئے آپریشن کی تفصیلات بتائی گئیں جس کے مطابق مجموعی طورپر 14886 آپریشن کئے گئے جن میں سے 9413پنجاب ، 1577سندھ ،2724کے پی کے ،39بلوچستان ،336اسلام آباد،720 کشمیر ، 21گلگت اور 56 آپریشن فاٹا میں کئے گئے ۔لاؤڈ سپیکرز کی خلاف ورزی کرنے والے کل 2035افراد کیخلاف کارروائی کی گئی جن میں سے 1806پنجاب میں 169کے پی کے میں 46کشمیر میں اور ایک گلگت بلتستان میں اور 69اسلام آباد میں شامل ہیں ۔لوگوں کو اشتعال انگیز تقاریر کرنے پر مجموعی طور پر 540مقدمات درج کئے گئے جن میں سے 455پنجاب میں 34 خیبر پختونخواہ میں ،4بلوچستان میں 46 آزاد کشمیر میں اور ایک گلگت بلتستان میں مقدمہ درج کیا گیا ان مقدمات پر کارروائی کرتے ہوئے 405افراد کو گرفتار کیا گیا ہے جبکہ 41دکانیں بھی سیل کی گئی ہیں ۔نیشنل ایکشن پلان کے تحت افغان مہاجرین کی ملک بدری کا سلسلہ بھی جاری ہے اس حوالے سے بریفنگ میں بتایا گیا کہ اب تک کل 3400افغان مہاجرین کو ملک بھر کیا گیا ہے جن میں سے 2846خیبر پختونخواہ ، 195بلوچستان اور 376فاٹا سے گرفتار کرکے انہیں ملک بدر کیا گیا ۔ نیشنل ایکشن پلان کے تحت غیر قانونی طور پر کرنسی کی بیرون ملک بھجوانے اور منگوانے کے حوالے سے بھی کارروائی عمل میں لائی گئی ہے اس سلسلے میں 18کیس رجسٹرڈکئے گئے ہیں جبکہ 24افراد کو گرفتار کیا گیاہے اس کارروائی میں 71.5ملین روپے بھی وصول کئے گئے ہیں ۔