|

وقتِ اشاعت :   February 6 – 2015

اسلام آباد: دفتر خارجہ کی ترجمان تسنیم اسلم نے کہا ہے کہ کشمیریوں پر مظالم ڈھا کر بھارت بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کی خلاف ورزی کر رہا ہے اور بندوق کے زور پر مقبوضہ کشمیر میں انتخابات حق خود ارادیت کا نعم البدل نہیں ہوسکتا۔ دفتر خارجہ میں ہفتہ وار بریفنگ کے دوران تسنیم اسلم نے کہا ہے کہ بھارت مقبوضہ کشمیر کے معاملے پر اپنے پہلے وزیر اعظم جواہر لعل نہرو کے وعدے کو بھول گیا ہے، بندوق کے زور پر مقبوضہ کشمیر میں انتخابات حق خود ارادیت کا نعم البدل نہیں اور یہ مسئلہ حق خودارادیت سے ہی حل ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیریوں پر مظالم ڈھا کر بھارت بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کی خلاف ورزی کر رہا ہے، آزادی حاصل کرنے کے لئے اب تک ایک لاکھ سے زائد کشمیری اپنی جانوں کی قربانیاں دے چکے ہیں جب کہ پاکستان جموں اور کشمیر کے لوگوں کی حمایت جاری رکھے ہوئے ہے۔ چین کے وزیر خارجہ کے دورہ پاکستان کے حوالے سے تسنیم اسلم کا کہنا تھا کہ چینی وزیر خارجہ جلد پاکستان کا دورہ کریں گے جس میں وہ سیاسی اور عسکری قیادت سے ملاقات کریں گے جن میں خطے کی صورتحال اور دو طرفہ تعلقات پر بات ہو گی تاہم ان کے دورے کی تاریخ اور ایجنڈے کا اعلان بعد میں کیا جائے گا جب کہ چین کے صدر بھی رواں سال پاکستان کا دورہ کریں گے۔ افغان پناہ گزینوں کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ سہہ فریقی معاہدے کے تحت رواں سال کے آخر تک افغان پناہ گزینوں کی واپسی کے لئے اقدامات کئے جارہے ہیں جب کہ سیکیورٹی فورسز کی افغان پناہ گزینوں کو ہراساں کرنے کی خبریں بے بنیاد ہیں۔