کراچی: رابطہ کمیٹی نے سانحہ بلدیہ ٹاؤن سے متعلق رینجرز کی رپورٹ کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہےکہ سانحہ میں ملوث ملزم رضوان قریشی کا ایم کیو ایم سے کوئی تعلق نہیں ہے۔
رابطہ کمیٹی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ سانحہ بلدیہ ٹاؤن میں ملوث درندہ صفت رضوان قریشی کا ایم کیوایم سے کوئی تعلق نہیں، ایم کیوایم کے لاکھوں کارکن ہیں اور کوئی بھی اس کی صفوں میں داخل ہوکر اپنے آپ کو کارکن ظاہر کرسکتا ہے لہٰذا کسی ظالم شخص کو متحدہ کا کارکن نہ لکھا جائے۔
رابطہ کمیٹی کا کہنا تھا کہ ایم کیوایم میں دہشت گرد، بھتہ خور اور جرائم پیشہ عناصر کے لیے کوئی جگہ نہیں جب کہ سانحہ بلدیہ ٹاؤن میں ملوث درندہ صفت شخص کو بلدیہ کے چوک پر ہی پھانسی دی جائے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز رینجرز کی جانب سے عدالت میں پیش کی گئی رپورٹ میں یہ انکشاف کیا گیا تھا کہ رضوان قریشی نامی ملزم نے جے آئی ٹی کے سامنے بلدیہ ٹاؤن فیکٹری میں بھتہ نہ دینے پر آگ لگائی جب کہ اس کا تعلق ایم کیوایم سےبتایا گیا تھا۔
سانحہ بلدیہ میں ملوث ملزم کا ایم کیوایم سے کوئی تعلق نہیں، رابطہ کمیٹی
وقتِ اشاعت : February 7 – 2015