حب (نامہ نگار) وفاقی حکومت کی جانب سے بلوچستان کے بلدیاتی اداروں کو چھ ارب رروپے کی امداد فراہم کرنے کا اعلان کیا گیا ہے ۔اس رقم سے پورے صوبے کے تمام اضلاع کو بیس ،بیس کروڑ روپے سے زائد امدادی رقومات فراہم کی جائیں گی جوکہ علاقے کے ترقیاتی کاموں پر خرچ ہوں گی ، ان خیالات کا اظہار بلوچستان اسمبلی میں مسلم لیگ(ن) کے رکن اسمبلی اور بلدیہ حب کے سابق چیئرمین پرنس احمد علی بلوچ نے حب کے لیڈا آڈیٹوریم میں بلوچستان لوکل گورنمنٹ کی دیہی ترقیاتی اکیڈمی اینڈ رورل ڈولپمنٹ کوئٹہ کی جانب سے بلوچستان کے سب سے بڑے صنعتی شہر حب میں منعقدہ دو روزہ نو منتخب بلدیاتی اراکین کے تربیتی سیمینار میں بطورِ مہمانِ خصوصی شرکت کرنے کے بعد لیڈا ریسٹ ہاؤس میں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کے دوران کیا ۔انہوں نے بتایا کہ سابقہ دور میں جب میں بلدیہ حب کا چیئرمین منتخب ہوا تھا تو میرے دور میں حب میں سیوریج سسٹم کا جدید نظام متعارف کرایا گیا اور ایک ہی چھت کے نیچے لوگوں کودفتری سہولیات مہیا کرنے کے لیے کروڑوں روپے کی لاگت سے سوک سینٹر کی پانچ منزلہ عمارت اور کراچی کے قریب بلوچستان کے صنعتی شہر حب میں قومی سطح کا ایک اسٹیڈیم بھی تعمیر کرایا گیا اور حب کے عوام کو سوئی گیس کی سہولت بھی مہیا کی گئی ۔قبل ازیں انہوں نے لیڈا آڈیٹوریم میں بلوچستان دیہی ترقیاتی اکیڈمی محکمہ لوکل گورنمنٹ اینڈ رورل ڈولپمنٹ کے زیرِ اہتمام منعقد ہونے والے دو روزہ سیمینار کے پہلے دن شرکاء سے خطاب بھی کیا ۔