کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر) اندرون بلوچستان فائرنگ وبارودی سرنگ دھماکوں میں 2افراد جاں بحق، تین زخمی، بختیار آباد میں ریلوے ٹریک کو دھماکہ خیز مواد سے اڑا دیا گیا تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے ضلع لسبیلہ کے کراچی سے ملحقہ شہر حب میں سیمنٹ فیکٹری کی گاڑی پر فائرنگ سے دو ملازم جاں بحق ہوگئے۔ پولیس کے مطابق پولیس تھانہ سٹی کی حدود میں ساکران روڈ پر گورنمنٹ بوائز ہائی اسکول سے ملحقہ گلی میں اٹک سیمنٹ فیکٹری کے ملازمین کی گاڑیاں ڈسٹرکٹ پولیس ، بلوچستان کانسٹیبلری اور پرائیوٹ سیکورٹی گارڈز کی بحفاظت میں کراچی جارہی تھیں کہ دو نامعلوم نقاب پوش موٹر سائیکل سوار ملزمان نے فائرنگ کردی ۔ فائرنگ کے نتیجے میں دو ملازمین شفٹ انچارج محمد امجد ولد محمد صدیق جٹ اور جونیئر آفیسر ثناء گل ولد محمد گل ملک شدید زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو فوری طور پر کراچی کے مرشد اسپتال پہنچایا گیا جہاں دونوں زخمی دم توڑ گئے۔ لاشوں کو واپس جام قادر اسپتال حب لایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے معائنے کے بعد بتایا کہ ثناء گل کو ایک گولی سینے میں جبکہ محمد امجد کو دو گولیاں لگیں۔ لاشوں کو ضروری کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کردیا گیا۔ محمد امجد گرین ٹاؤن کراچی کا رہائشی اور میر پور خاص کا مستقل باشندہ جبکہ نثار گل نیول کالونی کراچی کا رہائشی اور سانگھڑ کا مستقل باشندہ تھا۔ڈی پی او لسبیلہ بشیر بروہی کے مطابق ملزمان فائرنگ کے تبادلے کے بعد فرار ہوگئے۔ واقعہ کے بعد ملزمان کی تلاش شروع کیلئے کوششیں شروع کردیں۔دریں اثناء بلوچستان کے علاقے چمالنگ میں بارودی سرنگ دھماکے میں تین بھائی زخمی ہوگئے۔ لیویز ذرائع کے مطابق واقعہ کوہلو سے ملحقہ چمالنگ میں شنواری ٹاپ کے قریب مین شاہراہ پر قائم اللہ داد نامی شکص کی دکان کے قریب نصب کی گئی بارودی سرنگ دھماکے سے پھٹ گئی۔ دھماکے کے نتیجے میں اللہ داد اور اس کے دو بھائی سلیم اور نظر شدید زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو طبی امداد کے لئے قریبی واقع آرمی میڈیکل کیمپ منتقل کردیا گیا۔
حب، اٹک سیمنٹ فیکٹری کے قافلہ پر حملہ دو مزدور جاں بحق ،
وقتِ اشاعت : February 8 – 2015