|

وقتِ اشاعت :   February 11 – 2015

روم: اٹلی کے قریب سمندر میں لیبیا سے آنے والی چار کشتیاں ڈوب گئیں جس کے نتیجے میں 300 افراد کی ہلاکت کا خدشہ ہیدا ہوگیا ہے۔ بدھ کے روز اقوام متحدہ سے بات چیت کے دوران بچائے جانے والے افراد نے بتایا کہ یہ واقعہ گزشتہ ہفتے پیش آیا تھا۔ ایک اطالوی ریسکیو بوٹ کی جانب سے بچائے جانے والے نو افراد نے بتایا کہ دو کشتیاں ابھی بھی سمندر میں پھنسی ہوئی ہیں جن میں 200 افراد سوار ہیں۔ یو این ایچ سی آر کی ترجمان کارلوٹا سیمی نے بتایا کہ اس کے علاوہ ایک تیسری کشتی بھی گمشدہ ہے جس میں 100 افراد سوار ہیں۔ اٹیلین کوسٹ گارڈز نے اتوار کے روز چوتھی کشتی کو بچایا جو سمندر میں پھنسی ہوئی تھی اور جس میں 105 افراد سوار تھے۔ ہلاک ہونے والوں میں سے 29 افراد ٹھنڈ کے باعث مارے گئے۔ پچھلے ایک سال سے کئی ہزار افراد شمالی افریقہ سے یورپ جانے کے لیے بحریہ روم کے اس خطرناک راستے سے گزرتے ہوئے مارے جا چکے ہیں۔