سڈنی: پاکستان نے انگلینڈ کو وارم اپ میچ میں شکست دے کر ورلڈ کپ میں شریک ٹیموں کے لیے خطرے کی گھنٹی بجا دی ہے۔
انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کا فیصلہ کیا لیکن پانچ کے مجموعی اسکور پر معین علی احسان عادل کا شکار بن گئے۔
ایلکس ہیلز اور گیری بیلنس نے دوسری وکٹ کے لیے 64 رنز کی شراکت قائم کی لیکن اس موقع پر ہیلز 31 رنز بنا کر شاہد آفریدی کی وکٹ بن گئے۔
بیلنس نے شاندار بلے بازی کا سلسلہ جاری رکھا اور جو روٹ کے ساتھ ساتھ مل کر اسکور کو 135 تک پہنچا دیا۔
اس موقع پر یاسر شاہ نے شاندار باؤلنگ کرتے ہوئے ایک ہی اوور میں بیلنس اور پھر انگلش کپتان آئن مورگن کو پویلین راہ دکھا دی۔
اسکور 157 تک پہنچا تو یاسر نے ایک اور کامیابی حاصل کرتے ہوئے روی بوپارہ کی وکٹیں بکھیر دیں۔
انگلینڈ نے روٹ کی ذمے دارانہ بلے بازی کی بدولت مقررہ اوورز میں آٹھ وکٹوں پر 250 رنز بنائے، روٹ نے 85 رنز بنائے۔
پاکستان کی جانب سے یاسر شاہ تین وکٹیں لے کر سب سے کامیاب باؤلر رہے جبکہ سہیل خان نے دو وکٹیں حاصل کیں۔
پاکستان نے ہدف کا تعاقب شروع کیا تو 10 رنز پر دونوں اوپنرز رخصت ہو چکے تھے۔
یونس خان اور ھارث سہیل نے اسکور کو 43 تک پہنچایا لیکن اس موقع پر یونس ہمت ہار بیٹھے اور 19 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔
اسکور 78 تک پہنچا تو حارث ایک بڑا شاٹ کھیلنے کی کوشش میں وکٹ گنوا بیٹھے، انہوں نے 33 رنز بنائے۔
اس موقع پر پاکستانی ٹیم مشکلات سے دوچار نظر آتی تھی لیکن مصباح الحق اور عمر اکمل کی ذمے داراہ بلے بازی کی بدولت پاکستانی ٹیم نے چھ وکٹ کے نقصان پر ہدف تک رسائی حاصل کر لی۔
کپتان نے عمر اکمل کے ساتھ مل کر پانچویں وکٹ کے لیے 133 رنز کی فتح گر شراکت قائم کی، عمر اکمل نے 65 رنز بنائے۔
عمر کے آؤٹ ہونے کے بعد صہیب مقصود نے میدان میں آتے ہیں چند بڑے شاٹس کھیل کر ٹیم کو مزید ہدف کے قریب کردیا، وہ 20 رنز بنا کر میدان بدر ہوئے۔
شاہد آفریدی نے 49ویں اوور میں لگاتار دو چوکے جڑ کر پاکستان کو چار وکٹ کی فتح سے مکنار کرادیا، مصباح نے ناقابل شکست 91 رنزک ی اننگ کھیلی۔