|

وقتِ اشاعت :   February 12 – 2015

کوئٹہ( آئی این پی) بلوچستان میں سینٹ کے انتخابات کے لئے 57 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی حاصل کرلئے ، یعقوب ناصر ، نسرین کھیتران ، کلثوم پروین ، ڈاکٹر یاسین اور بسنت لعل گلشن کاغذات حاصل کرنے والوں میں شامل ہیں ۔ 7 جنرل نشستوں کے لئے 30 ، علماء اور ٹیکنوکریٹ کی 2 نشستوں کے لئے 12 ، خواتین کی 2 نشستوں کے لئے 8 جبکہ ایک اقلیتی سیٹ کے لئے 7 امیدوار میدان میںآگئے ۔ کاغذات کی وصولی 12 اور 13 کو ہوگی جبکہ جانچ پڑتال 16 اور 17 فروری کو ہوگی حتمی فہرست 25 فروری کو آویزاں کی جائے گی جبکہ 3 مارچ کو بلوچستان اسمبلی میں 12 نشستوں کے لئے انتخاب عمل میں لایا جائے گا۔ مختلف سیاسی جماعتوں نے اپنے اپنے امیدواروں کی کامیابی کے لئے رابطے شروع کردیئے ہیں اب تک جمعیت علماء اسلام اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے امیدواروں کا حتمی اعلان کیا گیا ہے جبکہ پشتونخوا میپ ، نیشنل پارٹی ، بی این پی اور اے این پی نے حتمی امیدواروں کے ناموں کا اعلان نہیں کیا ہے ۔ مخلوط حکومت میں شامل اتحادی جماعتیں مشترکہ امیدواروں کو کامیاب کرانے کی کوششوں میں مصروف ہیں ۔ مسلم لیگ (ن ) کے امیدواروں کی مرکزی پارٹی کی جانب سے حتمی ناموں کے اعلان کے بعد کئی امیدواروں میں مایوسی کی لہر دوڑ گئی ۔ پارٹی کے صوبائی جنرل سیکرٹری نصیب اللہ بازئی کو بھی ٹکٹ نہیں مل سکا جبکہ بی این پی عوامی سے تعلق رکھنے والی خاتون کلثوم پروین مسلم لیگ ن کی پلیٹ فارم سے ٹکٹ حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئیں ۔ جمعیت علماء اسلام کا حتمی امیدوار مولانا عبدالغفور حیدری اور ملک سکندر ایڈووکیٹ ہوں گے ۔