|

وقتِ اشاعت :   February 12 – 2015

کوئٹہ(خ ن)وزیر اعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا ہے کہ امن و امان کی بہتری کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں، پولیس اور انتظامیہ میں سفارش کلچر کے خاتمے اور میرٹ کے پروان چڑھنے سے بہتر نتائج سامنے آئے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے امن و امان سے متعلق اعلیٰ سطحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اجلاس میں صوبائی وزیر داخلہ میر سرفراز بگٹی، صوبائی وزیر صحت رحمت صالح بلوچ، رکن صوبائی اسمبلی حاجی محمد اسلام بلوچ، چیف سیکریٹری بلوچستان ، صوبائی سیکریٹری داخلہ ، آئی جی پولیس ، ڈی آئی جی ایف سی سمیت دیگر متعلقہ حکام نے بھی شرکت کی، اجلاس میں بلوچستان میں امن و امان کی مجموعی صورتحال کا تفصیلی جائرہ لیا گیا، اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ اور امن و امان کی بحالی صوبائی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، پولیس اور انتظامیہ میں سفارش کلچر کے خاتمے اور تعیناتیوں میں میرٹ کے نفاذ سے امن و امان کی صورتحال میں نمایاں بہتری آئی ہے، وزیر اعلیٰ نے کہا کہ خالصتاً اہلیت کی بنیاد پر تعینات ہونے والے پویس اور انتظامیہ کے افسران صورتحال میں مزید بہتری کے لیے ٹھوس اقدامات اٹھائیں، کیونکہ پولیس اور لیویز کی استعداد کار اور صلاحیت کار میں اضافے سمیت دیگر جدید سہولیات کی فراہمی کے لیے صوبائی حکومت تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے، وزیر اعلیٰ نے ہدایت کی کہ صوبے کے مختلف اضلاع میں درج مقدمات کے ملزمان کی گرفتاری، شاہراہوں پر پولیس اور لیویز کے گشت میں اضافہ کر کے ہر حال میں عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔