|

وقتِ اشاعت :   February 14 – 2015

کوئٹہ: مسلم لیگ (ن) بلوچستان کے سربراہ سینئر صوبائی وزیر چیف آف جھالاوان نواب ثناء اللہ خان زہری نے کہا ہے کہ سینٹ انتخابات میں بلوچستان پر لگے ہارس ٹریڈنگ کے دھبے کو دھو ڈالیں گے حکومت میں شامل چارجماعتی اتحاد ملکر خرید و فروخت کا خاتمہ کرنے جارہاہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے کوئٹہ آمد کے بعد ’’آن لائن‘‘ سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ ہم روز اول سے بلوچستان میں مثبت روایات کی داغ بیل ڈالنے کے متقاضی رہے ہیں اورہماری ہمیشہ سے یہ کوشش رہی ہے کہ ہماری سیاسی جمہوری جدوجہد کے ذریعے یہاں مثبت سیاست کو فروغ حاصل ہو جو صوبے اور یہاں کی عوام کے طرز زندگی میں بہتری لا سکے یہی وجہ ہے کہ آئندہ ہونیوالے سینٹ انتخابات میں ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ بلوچستان پر سینٹ انتخابات میں ہارس ٹریڈنگ کے دھبے کو دھو ڈالیں اور اس اقدام کی حوصلہ شکنی کی جائے جو سینٹ انتخابات کے دوران خرید و فروخت کے رجحانات کو تقویت بخشتا ہے حکومت میں شامل 4 جماعتی اتحاد کیساتھ ملکر ہم ایسے لوگوں کو سینٹ میں بھیجیں گے جو ذاتی مفادات کے بجائے صوبہ کے وسیع تر مفاد کو ترجیح دیتے ہوئے یہاں کے عوام کیلئے آواز بلند کریں انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان میاں محمد نوازشریف نے بھی ہمیں اس ضمن میں مکمل مینڈنٹ دیا ہے کہ سینٹ انتخابات میں ہارس ٹریڈنگ کا خاتمہ کرتے ہوئے ان کو صاف شفاف بنایاجائے اور ہماری کوشش ہے کہ اپوزیشن جماعت جمعیت علماء اسلام کو اعتماد میں لیکر فیصلہ کریں کیونکہ ہم سینٹ انتخابات کے حوالے سے ایک اچھی روایات قائم کرنے جارہے ہیں جس میں میں تمام سیاسی جمہوری قوتوں کو تعاون درکار ہے جمعیت علماء اسلام کیساتھ اس ضمن میں ہماری ملاقاتیں بھی ہوئی ہیں اور ہم چاہتے ہیں کہ اپوزیشن جماعت کی مشاورت سے فیصلے کئے جائیں تاکہ ایوان میں موجود تمام جماعتوں کیساتھ ملکر مثبت اقدامات کی جانب پیشرفت کی جاسکے ایوان میں موجود تمام جماعتیں عوام کے ووٹوں سے کامیاب ہوکر آئی ہیں اور اب یہ ہماری ذمہ داری بنتی ہے کہ ہم ایسے لوگوں کو سینٹ میں بھیجیں جو وہاں عوام کی آواز بلندکرتے ہوئے مسائل کے حل کیلئے اپنا موثر اور عملی کردار ادا کریں ۔