اسلام آباد: وزیر اعظم نواز شریف کو انسداد دہشت گردی کے قومی لائحہ عمل پر عملدرآمد کی اب تک کی رپورٹ پیش کردی گئی ، رپورٹ میں قومی ایکشن پلان کے 22 نکات پر عملدرآمد کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ صوبوں سے فوجی عدالتوں کو مقدمات کی منتقلی کیلئے جامع لائحہ عمل اپنایا گیا ہے، مدارس میں غیر ملکی طلباء کی رجسٹریشن ، نصاب، مالی اعانت اور آڈٹ پر اتفاق رائے ہوگیاہے ، مدارس بارے ڈیٹا صوبوں کو فراہم کردیا ہے، مدارس میں غیر ملکی طلباء کا داخلہ روک دیا ہے ، کالعدم تحریک طالبان سے رابطے والے 233 انتہا پسندوں کی شناخت ہوئی ،60 تنظیموں کو کالعدم قرار دیا گیا ، فرقہ واریت ، دہشت گردی میں ملوث 294 افراد کی شناخت ہوئی، نفرت انگیز تقاریر پر 547مقدمات درج کرکے 416 افراد گرفتارکئے گئے، نفرت انگیز مواد پر 41 دکانیں سیل کی گئیں ، دہشت گردوں کی مالی اعانت پر 26مقدمات درج کرکے 32 کو گرفتار کیا گیا ، جدید تربیت اور خطوط پر استوار انسداد دہشت گردی فورس کے قیام کا منصوبہ ہے، انسداد دہشت گردی فورس میں پنجاب سے 5 ہزار، بلوچستان سے ایک ہزار، خیبرپختونخواہ سے3 ہزار اور سندھ سے 800 اہلکار شامل ہوں گے۔ وزیر اعظم کو پیش کی گئی رپورٹ میں کہا گیا کہ تین کروڑ10لاکھ سے زائد موبائل سمز کی بائیو میٹرک تصدیق ہو چکی ہے، 10 کروڑ 30 لاکھ سموں کی تصدیق کا عمل اپریل کے وسط تک مکمل ہو جائے گا، رپورٹ میں کہا گیا کہ سوشل میڈیا کو بلاک کرنے کے بارے میں قوانین میں ترمیم کی گئی ہیں، سوشل میڈیا کے بارے میں رپورٹ 15 دن میں پیش کر دی جائے گی، افغان مہاجرین کی رجسٹریشن کے بارے میں لائحہ عمل تشکیل دے دیا گیا ہے، کاغذات نہ رکھنے والے مہاجرین کی رجسٹریشن کا عمل جار یہے، صوبوں کے تعاون سے مہاجرین کے کیمپوں اور افغانستان واپسی کا عمل جاری ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ اسلام آباد اور چاروں صوبوں میں صحافیوں اور میڈیا ہاؤسز کا سیکیورٹی آڈٹ مکمل ہے، اب تک 57 سیکیورٹی گارڈز کو تربیت دی گئی ہے، کراچی میں آپریشن کے نتیجے میں جرائم میں نمایاں کمی آئی ہے، کراچی آپریشن میں اب تک35 ہزار 29مجرموں کو گرفتار کیا گیا۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ فوجداری نظام انصاف کو مستحکم بنانے کیلئے وزارت قانون نے ترامیم کا مسودہ تیار کرلیا ہے۔ انتہا پسندی کے خاتمے کیلئے پنجاب میں خصوصی پروگرام شروع کیا گیا ہے، آزمائشی منصوبے کے تحت200 نوجوانوں کو تربیت قرضے کی فراہمی کی منظوری دی گئی ہے، صوبوں میں 16ہزار 344 آپریشنز میں 12ہزار 462 افراد کو گرفتار کیا گیا، لاؤڈ اسپیکر کے بے جا استعمال پر 3265 مقدمات درج، 2065 افراد کو گرفتار کیا گیا۔
مدارس میں غیر ملکی طلباء کے داخلے پر پابندی ،انسداد دہشتگردی فورس بنانے کا فیصلہ بلوچستان سے ایک ہزار اہلکار شامل ہونگے
وقتِ اشاعت : February 14 – 2015