|

وقتِ اشاعت :   February 14 – 2015

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)ژوب سے انسدادپولیو مہم کے دوکارکنان ڈرائیور اور دو لیویز اہلکاروں سمیت لاپتہ ہوگئے۔ اہلکاروں کے اغواء ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔ لیویز ذرائع کے مطابق ژوب کے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال سے انسداد پولیو مہم کیلئے تین کارکنان کو ایمبولنس میں ڈرائیور اور دو لیویز اہلکاروں کے ہمراہ یونین کونسل بارکوال اور مرغہ کبزئی کے علاقے بجھوایا گیا تھا ۔ لیکن مقررہ وقت ختم ہونے کے بعد پولیو ٹیم اور لیویز اہلکار واپس نہیں آئے۔ مغویوں میں عبدالحمید، ڈرائیور عبدالصمد، لیویز اہلکار نسیم، ایوب اور دیگر شامل ہیں رات دیر تک پولیو ٹیم اور لیویز اہلکاروں سے رابطہ کرنے کی تمام کوششیں ناکام ثابت ہوئیں۔ مقامی انتظامیہ نے لاپتہ اہلکاروں کی تلاش کیلئے ٹیمیں بجھوادیں ۔ خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے کہ اہلکار اغواء ہوئے ہیں۔ یاد رہے کہ ژوب ،قلعہ سیف اللہ اور اس سے ملحقہ علاقوں میں گزشتہ دو ماہ کے دوران مختلف وارداتوں میں سولہ افراد کو اغواء کیا جاچکا ہے جن میں سے ایک مغوی سیکورٹی اہلکار جبکہ چھ کو رہا کردیا گیا تھا ۔پی ٹی سی ایل کے چھ ملازمین سمیت نو افراد اس وقت بھی اغواء کاروں کی قید میں ہیں۔