ایڈیلیڈ: ہندوستانی بلے باز ویرات کوہلی سابق پاکستانی اوپننگ بلے باز سعید انور کے منفرد اعزاز میں شریک ہو گئے۔
ایڈیلیڈ میں ہونے والے مقابلے سے پاکستان اور ہندوستان کے درمیان ورلڈ کپ میں ہونے والے پانچ مقابلوں میں صرف سعید انور کو سنچری بنانے کا اعزاز حاصل ہے۔
سعید انور نے ورلڈ کپ 2003 میں سنچورین کے مقام پر 101 رنز کی اننگ کھیلی تھی جو اب تک پاکستان اور ہندوستان کے درمیان ہونے والے میچوں میں پہلی سنچری تھی۔
اس کے علاوہ عظیم ہندوستانی بیٹسمین سچن ٹنڈولکر دو بار سنچری کے قریب پہنچے، ایک بار 98 اور دوسری بار 85 رنز اسکور کر کے پویلین لوٹے لیکن سنچری نہ بنا سکے۔
لیکن اتوار کو ایڈیلیڈ میں ہونے والے مقابلے میں ویرات کوہلی سنچری بنا کر اس منفرد اعزاز میں سعید انور کے ساتھ حصے دار بن گئے ہیں۔ کوہلی نے پاکستان کے خلاف آٹھ چوکوں کی مدد سے 107 رنز کی دلکش اننگ کھیلی۔
وہ ورلڈ کپ میں پاکستان کے خلاف سنچری بنانے والے پہلے ہندوستانی بلے باز بھی بن گئے۔
کوہلی، سعید انور کے منفرد اعزاز میں حصے دار
وقتِ اشاعت : February 15 – 2015