کراچی ( بیورورپورٹ) آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کہا ہے کہ فوج کراچی میں امن کی بحالی کیلئے جاری آپریشن میں مدد کیلئے کسی بھی حد تک جا سکتی ہے۔ سیاسی اتفاق رائے سے کراچی کے امن کو پائیدار بنایا جاسکتا ہے۔ کراچی میں قیام امن کیلئے مزید اقدامات کی ضرورت ہے ۔ وہ پیر کو رینجرز ہیڈ کوارٹرز سندھ کے دورے کے موقع پر گفتگو کر رہے تھے ۔ آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان رینجرز سندھ کے ہیڈ کوارٹرز کے دورے کے موقع پر ڈی جی رینجرز میجر جنرل بلال اکبر نے آرمی چیف کا استقبال کیا ۔ ڈی جی رینجرز نے آرمی چیف کو کراچی میں جاری رینجرز کے ٹارگٹڈ آپریشن پر بریفنگ دی ۔ آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کہا کہ کراچی میں ملزمان کیخلاف بلا امتیاز کارروائی جاری ہے ۔ یہ آپریشن بغیر کسی سیاسی ، مذہبی اور لسانی تفریق کے جاری ہے۔ شہر قائد میں امن و امان کیلئے سیکیورٹی اداروں کو ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا ۔ انہوں نے کراچی آپریشن میں رینجرز، پولیس اور انٹیلی جنس اداروں کی کارکردگی کو بھی سراہا۔ انہوں نے کہا کہ کراچی پاکستان کی معیشت میں کلیدی کردار ادا کرتا ہے۔ کراچی کے امن سے پاکستان کا استحکام ہے۔ آرمی چیف نے کہا کہ رینجرز کے آپریشن سے کراچی میں امن قائم ہوا ہے تاہم قیام امن کیلئے مزید موثر اقدامات کی ضرورت ہے۔ کراچی میں پولیس کو موثر فورس بنایا جائے اور فورس میں تقرریاں اور تبادلے سیاسی بنیادوں کے بجائے میرٹ پر کئے جائیں ۔ نتائج کے حصول کیلئے ضروری ہے کہ پولیس فورس کو غیر سیاسی بنایا جائے۔ پولیس میں مداخلت بند ہونی چاہئے اور تقرریاں اور تعیناتیاں اپیکس کمیٹی کے ذریعے کی جائیں ۔ انہوں نے کہا کہ آپریشن کو موثر اور کامیاب بنانے کیلئے تمام اداروں میں روابط کے نظام کو مزید بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔ مضبوط روابط سے ہم آپریشن کے مزید مثبت نتائج حاصل کر سکتے ہیں۔ کراچی آپریشن کی کامیابی اور قیام امن کیلئے سیاسی اتفاق رائے کی بھی مزید ضرورت ہے کیونکہ اتفاق رائے سے کراچی کو مزید بہتر بنایا جاسکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں امن قائم ہونے سے ملک میں ترقی ہوگی ۔ آرمی چیف کے رینجرز ہیڈ کوارٹرز کے دورے کے موقع پر انہیں وہ اسلحہ دکھایا گیا جو رینجرز نے مختلف کارروائیوں کے دوران دہشت گردوں سے پکڑا ہے۔
کراچی میں قیام امن کیلئے کسی بھی حد تک جا سکتے ہیں ،جنرل راحیل شریف
وقتِ اشاعت : February 17 – 2015