|

وقتِ اشاعت :   February 17 – 2015

کراچی: وزیراطلاعات سندھ شرجیل میمن کا کہنا ہے کہ ذوالفقار مرزا اخلاقیات کی تمام حدیں پار کرچکے ہیں جب کہ  لیڈرشپ کی تاکید ہے کہ ان کی کسی بات کا جواب نہ دیا جائے۔

کراچی میں پیپلزپارٹی کے میڈیا سیل میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراطلاعات شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ ذوالفقار مرزا کی جانب سے پارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری پر لگائے گئے الزامات من گھڑت ہیں جن میں کوئی صداقت نہیں، اگر انہیں کسی معاملے پر تحفظات تھے تو پارٹی کا پلیٹ فارم استعمال کرتے لیکن انہوں نے ایسا نہیں کیا اور مسلسل پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی پر ان سے لاتعلقی کا اظہار کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ذوالفقار مرزا اخلاقیات کی تمام حدیں پار کرچکے ہیں، لیڈرشپ کی تاکید ہے کہ ان کی کسی بات کا جواب نہ دیا جائے ورنہ جوابی الزامات ان پر بھی لگائے جاسکتے ہیں۔

وزیراطلاعات سندھ کا کہنا تھاکہ ذوالفقار مرزا کو پارٹی قیادت بری لگتی ہے تو انہوں نے اس کا اظہار اس وقت کیوں نہیں کیا جب ان کی فیملی کے 2 لوگوں کو پارٹی نے ٹکٹ دیئے، انہیں یاد رکھنا چاہئے کہ وہ آج جو کچھ بھی ہیں پارٹی کی وجہ سے ہیں۔