اسلام آباد: ترکی کے وزیراعظم احمد داؤد اوغلو نے کہا ہے کہ ترکی ہرمشکل وقت میں پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے۔
دو روزہ سرکاری دورے پر اسلام آباد آئے ترک وزیراعظم داؤد اوغلو نے وزیراعظم نوازشریف سے ون آن ون ملاقات کی جس میں دو طرفہ امور، خطے کی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس سے قبل ترک وزیر اعظم نے آرمی چیف جنرل راحیل شریف سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران خطے کی سیکیورٹی اور دوطرفہ دفاعی تعاون کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ مہمان ترک وزیراعظم نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج کی کامیابیوں پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ترکی ہرمشکل وقت میں پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے۔
ترک وزیراعظم داؤد اوغلو وزیراعظم ہاؤس پہنچے تو ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا جب کہ مسلح افواج کے چاق و چوبند دستے نے انہیں سلامی پیش کی۔ اس موقع پر دونوں ممالک کے ترانے بھی بجائے گئے جب کہ ترک وزیراعظم نے گارڈ آف آنر کا معائنہ بھی کیا۔ وزیراعظم نواز شریف نے ترک وزیراعظم سے کابینہ ارکان کی ملاقات کرائی اور ترک ہم منصب نے بھی اپنے وفد کا وزیراعظم نواز شریف کو تعارف کرایا۔
دونوں ممالک کے سربراہان نے ون آن ون ملاقات کے دوران دو طرفہ امور، خطے کی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔