|

وقتِ اشاعت :   February 18 – 2015

اسلام آباد: قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ نے کہا ہے کہ حکومت کبھی ٹیکسوں میں اضافہ کردیتی ہے تو کبھی پاک چین اقتصادی راہداری کا روٹ تبدیل کردیتی ہے، سمجھ میں نہیں آتا حکومت اپنے لئے خود اتنے مسائل کیوں پیدا کررہی ہے۔ پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے قائد حزب اختلاف کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ(ن) کی حکومت گلگت بلتستان میں انتخابات سے پہلے دھاندلی کرنے جا رہی ہے، گلگت بلتستان میں  ایک وفاقی وزیر کو گورنر بنایا گیا ہے، نگران حکومت 10 میں سے 7 وزیر مسلم لیگ (ن) کے ہیں ہیں جبکہ چیف الیکشن کمشنر کا تعلق بھی حکمران جماعت سے ہے۔ گلگت بلتستان میں دھاندلی سے (ن) لیگ کو کچھ نہیں ملے گا اس لئے وہ دھاندلی کرکے گلگت بلتستان انتخابات کو متنازع نہ بنائے۔ مسلم لیگ (ن) گزشتہ انتخابات کے دھاندلی کے الزامات سے عمران خان سے جان نہیں چھڑا سکی، اگر اب دھاندلی کی گئی تو واضح ہوجائے گا کہ حکومت دھاندلی کی پیداوار ہے۔ خورشید شاہ نے کہا کہ ہم نے ملک میں جمہوریت، نظام، آئین و قانون اور پارلیمنٹ بچانے کے لئے حکومت کا ساتھ دیا تھا لیکن ایک وزیر نے ان سے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی نے حکومت بچائی لیکن وہ حکومت سے اچھی امید نہ رکھے، وہ  مسلم لیگ(ن) سے اپیل کرتے ہوں کہ وہ نظام کو اپنے منشاء کے مطابق نہ چلائیں اور ایسے حالات پیدا نہ کریں جس سے ملک میں جمہوریت کو نقصان ہو۔