|

وقتِ اشاعت :   February 18 – 2015

کوئٹہ: وزیراعظم نوازشریف نے کہا ہے کہ نینشل ایکشن پلان کسی ایک جماعت کا نہیں بلکہ پوری قوم کا ہے اس لئے اس پرعملدرآمد کے نتائج دکھائی دینا چاہیئں۔

 گورنرہاؤس کوئٹہ میں وزیراعظم نواز شریف کی زیر صدارت ایپکس کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں آرمی چیف جنرل راحیل شریف سمیت گورنر محمد خان اچکزئی، وزیراعلی ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ،  ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل رضوان اختر اور دیگر نے شرکت کی۔ اس موقع پر اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ قومی لائحہ عمل پرتمام جماعتوں کا اتفاق ہے اور یہ کسی ایک جماعت کا نہیں بلکہ تمام جماعتوں کے اتفاق رائے سے منظور ہوا اس لئے اس پرعملدرآمد کرانا صوبائی حکومتوں کی ذمہ داری ہے جبکہ وفاق بلوچستان حکومت کو ہر طرح کی مدد فراہم کرے گا۔

بعدازاں منتخب نمائندوں اور فوجی افسران سے خطاب میں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ سیاسی و فوجی قیادت مسائل کے حل کے لئے متحد ہے، ملک میں نئی شروعات ہورہی ہے اور ملکی مسائل کا حل مل کر کام کرنے میں ہے جب کہ وفاق بلوچستان کو دیگر صوبوں کے برابر لانا چاہتا ہے۔

ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں وزیردفاع خواجہ آصف، وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق، سابق وزیراعظم ظفراللہ خان جمالی، مسلم لیگ (ن) کے صوبائی صدر ثنا اللہ زہری  اور دیگر شریک تھے۔