کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)وزیراعظم پاکستان میاں نوازشریف اور پاک فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف آج کوئٹہ پہنچیں گے۔ سرکاری ذرائع کے مطابق وزیراعظم اور آرمی چیف کوئٹہ میں صوبائی ایپکس کمیٹی کے اجلاس اور کوئٹہ چھاؤنی میں انسداد دہشت گردی فورس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ کی تقریب میں بھی شرکت کریں گے۔ سرکاری ذرائع کے مطابق صوبائی ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی، وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ ، صوبائی وزیر داخلہ سرفراز بگٹی، کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل ناصر خان جنجوعہ، چیف سیکریٹری بلوچستان ، آئی جی ایف سی بلوچستان، آئی جی پولیس بلوچستان بھی شرکت کریں گے۔ صوبائی سیکریٹری داخلہ ایپکس کمیٹی کو نیشنل پلان آف ایکشن کے تحت اٹھائے جانے والے اقدامات کے بارے میں اجلاس کو بریفنگ دیں گے۔ اجلاس میں بلوچستان میں امن وامان کی صورتحال کی بہتری سے متعلق تجاوز پر غور اور اہم فیصلے بھی اٹھائے جائیں گے۔ وزیراعظم کوئٹہ میں گورنر، وزیراعلیٰ، چیئرمین پشتونخوا میپ محمود خان اچکزئی ، مسلم لیگ ن سمیت مختلف سیاسی جماعتوں کے عہدیداروں کے علاوہ صوبائی وزراء ،قومی ، صوبائی اسمبلی اور سینیٹ کے ارکان، سینیٹ کے امیدواروں سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔وزیراعظم اور آرمی چیف کی آمد کے موقع پر کوئٹہ میں سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔
وزیراعظم اور آرمی چیف آج کوئٹہ پہنچیں گے
وقتِ اشاعت : February 18 – 2015