کوئٹہ: جمعیت علماء اسلام کے بلوچستان اسمبلی میں پارلیمانی و اپوزیشن لیڈر مولانا عبدالواسع نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت کو کاشغر گوادر شاہراہ پر مخصوص تسلیوں سے کام نہیں چلے گا اور وفاق کی حکومت سے اس بات پر عوام قطعی طور پر مطمئن نہیں ہو گی اگر وفاقی حکومت روٹ تبدیل نہیں کررہی اور ان کی بات میں صداقت ہے تو روٹ کی تعمیر کیلئے مقررہ وقت پر کام شروع کرانا ہو گا نہیں تو ہم یہ کہنے میں حق بہ جانب ہو نگے کہ اسلام آباد ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت یہ رقم موٹر وے کی تعمیر کیلئے منتقل کرنے کیلئے منصوبہ بنا چکی ہے ۔یہ بات انہوں نے گزشتہ روز صوبیدار کی جانب سے دئیے گئے عشایہ کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہی‘انہوں نے کہاکہ زمینوں کی خریداری کیلئے وفاق نے 57بلین روپے مختص کرکے اس بات کا اعادہ کرلیا ہے کہ چاہئے جو بھی صورتحال ہو موٹروے کو تعمیر کیا جائیگا عوامی احتجاج کے پیش نظر اب زمینوں کی خریداری کیلئے رقم کی ادائیگی عارضی طور پر روک دی گئی ہے اور اب صوبے کی عوام کو اس بات پر مطمئن کرنے کی کوشش کی جارہی ہے کہ پہلے موٹروے تعمیر کیا جائیگا جس کے بعد گوادر کاشغر شاہراہ بلوچستان کی راہ سے گزار کر تعمیر کاکام شروع کیا جائیگا جس کا مقصد روٹ کی تبدیلی کے حوالے سے احتجاج کو خاموش کرانا ہے موٹروے کی تعمیر کے بعد یہ تاثر دیا جائیگا کہ چونکہ موٹروے پہلے سے تعمیر شدہ ہے لہٰذا روٹ تبدیل کرنا حکومت کی مجبوری ہے جس پر چائنیز حکومت کو بھی قائل کرنے کوشش کی جائیگی انہوں نے کہاکہ اس منصوبے کو بلوچستان سے گزارنے کیلئے جہاں سابق حکومت کی کاوشیں تھی وہی پر اس حکومت کی کوشش ہے کہ کسی نہ کسی طرح اس منصوبے کو پایہ تکمیل تک پہنچانے سے ایساتنازعہ بنادیا جائے کہ چائنیز کے ساتھ ملکی سطح پر بھی یہ تاثر ملے کہ حالات کا تقاضاہے کہ شاہراہ موٹروے پر منتقل کیا جائے انہوں نے کہاکہ وفاق بلوچستان کے حکومتی قوم پرستوں کے ساتھ ملکر بلوچستان کی عوام کو معاشی ترقی سے محروم کرنے پر تلے ہوئے ہیں جس میں صوبے سے ناانصافی میں وفاق کی مدد کرنے میں قوم پرست برابر کے شریک ہیں اگر وفاق اپنے قول و فعل میں تضاد نہیں رکھتا تو وہ موٹر وے کی تعمیر کے بجائے گوادر کاشغر شاہراہ پر فوری طورپر کام شروع کرائے اگر موٹر وے پر کام شروع کرایا جاتا ہے تو اس کا مطلب یہ ہوگا کہ وفاقی حکومت دراصل نہیں چاہتی کہ بلوچستان کے عوا م پر ترقی کی راہ کھولے اور یہاں کی معیشت بحال ہو اور آئندہ فنڈز اور سیکورٹی معاملات کو بنیاد بنا کر ہمیشہ ہمیشہ کیلئے بلوچستان کی عوام کو اس شاہراہ سے محروم رکھا جائیگااس سلسلے میں اپوزیشن اور صوبے کی عوام دوست جماعتیں بھرپور احتجاج کریگی جس کا نظارہ بلوچستان میں حکومت سے باہر مختلف سیاسی جماعتوں کی جانب سے جاری احتجاج سیمینار اور جلسوں میں دیکھا جاسکتا ہے ۔
گوادر کاشغر روٹ بارے وفاق کی طفل تسلیاں کافی نہیں عملی اقدامات کئے جائیں، مولانا واسع
وقتِ اشاعت : February 19 – 2015