|

وقتِ اشاعت :   February 20 – 2015

کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا ہے کہ پولیس میں تقرریاں اور تبادلے خالصتاً اہلیت اور میرٹ کی بنیاد پر کئے جارہے ہیں اور ان میں سیاسی مداخلت بند کردی گئی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بلوچستان پولیس کے کاؤنٹر ٹیررازم فورس کے پہلے دستے کی پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب کے مہمان خصوصی وزیراعظم محمد نوازشریف تھے جبکہ چیف آف آرمی اسٹاف جنرل راحیل شریف، گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی، صوبائی وزراء، اراکین صوبائی اسمبلی، کمانڈر سدرن کمانڈ جنرل فرمان جنجوعہ، چیف سیکریٹری بلوچستان، آئی جی پولیس اور دیگر اعلیٰ سول وفوجی حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبائی حکومت کا وعدہ ہے کہ پولیس میں تقرریوں اور تبادلوں میں مداخلت نہیں ہوگی جبکہ پولیس افسران وہلکار بھی وعدہ کریں کہ وہ عوام کے والی وارث بنیں گے۔ ذاتی مفاد سے بالاتر ہوکر اپنے فرائض ادا کریں گے اور پولیس کے مورال اور امیج کوبہتر بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک اور صوبہ دہشت گردی کا شکار ہیں، دہشت گردی کے خاتمے کے لئے پوری قوم متحد ہے۔ کاؤنٹر ٹیررازم فورس کے قیام کا مقصد دہشت گردی کا خاتمہ کرنا ہے اور ہمیں یقین ہے کہ تربیت حاصل کرنے والے اہلکار دہشت گردوں کا بھرپور مقابلہ کرکے انہیں شکست دیں گے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبائی حکومت صوبے میں امن وامان کے قیام کے لئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لارہی ہے پولیس اور لیویز کو سہولتوں، اسلحہ اور تربیت کے لئے مطلوبہ فنڈز فراہم کئے جارہے ہیں اور پولیس کو صورتحال کی بہتری کے لئے فری ہینڈ دیا گیا ہے۔حکومتی اقدامات کے نتیجے میں صوبہ بھر بالخصوص کوئٹہ میں امن وامان کی صورتحال میں نمایاں بہتری آئی ہے۔ اور اس ضمن میں درپیش مسائل پر بڑی حد تک قابو پالیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت دہشت گردی کے خاتمے کی قومی پالیسی پر عملدرآمد کو ہرصورت یقینی بنائے گی۔ دریں اثناء وزیراعلیٰ نے ملک کی 1954سے گیس کی ضروریات پوری کرنے والے علاقے سوئی میں گیس، بجلی اور پانی کی عدم دستیابی کو وہاں کے عوام کے ساتھ زیادتی قراردیا ہے۔ وزیراعظم نواز شریف کو بلوچستان میں جاری ترقیاتی عمل اور صوبے کی ترقیاتی ضروریات کے حوالے سے دی جانے والی برینفنگ میں وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ سوئی کے عوام اس ترقی یافتہ دور میں بھی گیس، بجلی اور پانی جیسی بنیادی ضرورتوں سے محروم ہیں پاکستان پٹرولیم اور او جی ڈی سی ایل علاقے کے عوام کو پانی اور زندگی کی دیگر بنیادی سہولتیں فراہم کریں ۔