|

وقتِ اشاعت :   February 21 – 2015

تربت:وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹرعبدالمالک بلوچ نے کہا ہے کہ صوبہ بلوچستان میں بلدیاتی اداروں کی فعالی ایک بہت بڑی اور اہم پیشرفت ہے۔ ضلعی حکومتوں کے وجود میں آنے سے عوامی مسائل میں کمی آئے گی۔ضلعی آفیسران اور بلدیاتی نمائندے بلدیاتی نظام کو کامیابی سے چلانے کے لئے محنت اور لگن سے کام کریں اور عوام خدمت کو اپنے شعار بنائیں۔ ان خیالات کا اظہار نہوں نے ضلع کیچ میں ترقیاتی منصوبوں کی پیشرفت کا جائزہ لینے کے لئے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ضلع میں امن وامان کی صورتحال کا جائزہ بھی لیا گیا کمشنر مکران ڈویژن پسند خان بلیدی نے وزیراعلیٰ کو ترقیاتی منصوبوں کی پیشرفت اور امن وامان کی صورتحال کے بارے میں بریفنگ دی۔ ضلعی کونسل کیچ کے چیئرمین حاجی فدا حسین دشتی ، میونسپل کارپوریشن تربت کے میئر قاضی غلام رسول، پرنسپل سیکریٹری محمد نسیم لہڑی، ڈپٹی کمشنر کیچ ممتاز علی بلوچ، ڈی پی کیچ عمران قریشی اور دیگر متعلقہ حکام بھی اجلا س میں شریک تھے۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ عوامی فلاح وبہبودکے ترقیاتی منصوبوں کی بروقت اور معیاری تکمیل کو ہر صورت یقینی بنایا جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ عوام ان منصوبوں سے مستفید ہوسکیں اور سرکاری اداروں پر عوامی اعتماد میں اضافہ ہوسکے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ موجودہ حکومت نے عوامی مسائل کے حل کو چیلنج سمجھ کر قبول کیا ہے اور عوام کو حکومت سے جو توقعات وابستہ ہیں انہیں پورا کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت امن وامان کی بہتری اور نچلی سطح پر عوامی مسائل کے حل کے لئے ضلعی حکومتوں سے ہرممکن تعاون کرے گی اور انہیں اس کے لئے وسائل فراہم کئے جائیں گے۔