کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)بلوچستان کے ضلع ڈیرہ بگٹی میں بارودی سرنگ دھماکے میں ایک سیکورٹی اہلکار زخمی ہوگیا ۔ جعفرآباد میں ریلوے پٹڑی پر بم دھماکے سے نواب اکبر بگٹی ایکسپریس کی تین بوگیاں پٹڑی سے اتر گئیں جبکہ کوہلو میں مسلم لیگ ن کے ضلعی دفتر کے ساتھ بم دھماکا کیا گیا تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ لیویز کے مطابق ڈیرہ بگٹی کے نواحی علاقے پیر کوہ سے تقریباً چالیس کلومیٹر دور پتھر نالہ کے قریب ایف سی اہلکار محمد یوسف چوکی سے پانی بھرنے کیلئے جارہا تھا کہ راستے میں نامعلوم افراد کی جانب سے بچھائی گئی بارودی سرنگ پر پاؤ آگیااور دھماکا ہوگیا۔ واقعہ میں محمد یوسف اپنی دائیں ٹانگ سے محروم ہوگیااور اسے شدید زخمی حالت میں قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا۔ دریں اثناء ضلع جعفرآباد کے ضلعی ہیڈ کوارٹر ڈیرہ اللہ یار میں چائنز کیمپ کے قریب ریلوے پٹڑی پر اس وقت دھماکا ہوا جب وہاں سے نواب اکبر بگٹی ایکسپریس گزر رہی تھی۔ دھماکے کے نتیجے میں پٹڑی کا کئی فٹ حصہ تباہ ہوگیا جبکہ ٹرین کی تین بوگیاں بھی پٹڑی سے اتر گئیں تاہم ٹرین میں سوار تمام مسافر محفوظ رہے۔ مسافر ٹرین لاہور سے کوئٹہ جارہی تھی۔ ایس ایچ او ڈیرہ اللہ یار پولیس داؤد کھوسہ کے مطابق ریموٹ کنٹرول بم دھماکے میں پانچ کلو سے زائد باروی مواد استعمال کیا گیا ۔ واقعہ کے بعد ٹرینوں کی آمدروفت معطل ہوگئی اور مسافر ٹرینوں کو مختلف ریلوے اسٹیشنوں پر روک دیا گیا۔ ریلوے کے عملے نے نو گھنٹے کی جدوجہد کے بعد پٹڑی کی مرمت کا کام مکمل کرکے ٹرینوں کی آمدروفت بحال کردی۔ ادھر کوہلو کے مری بازار میں واقع مسلم لیگ ن کے ضلعی دفتر کے ساتھ بم دھماکا ہوا تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ واقعہ کے بعد پولیس ، ایف سی اور مسلم لیگ ن کے عہدیدار ان موقع پر پہنچ گئے ۔ دھماکا ٹائم ڈیواس کا بتایا جاتا ہے۔ پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرنے کے بعد واقعہ کا مقدمہ نامعلوم افراد کے خلاف درج کرلیا۔علاوہ ازیں ضلع پنجگور کے نواحی علاقے جیرک میں ایف سی کی چیک پوسٹ پر نامعلوم افراد نے چھوٹے ہتھیاروں سے فائرنگ کی ۔ ایف سی نے بھی جوابی فائرنگ کی جس پر ملزمان فرار ہوگئے تاہم فائرنگ سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
ڈیرہ بگٹی میں دھماکہ اہلکار زخمی، جعفر آباد میں پٹڑی اڑادی گئی، ٹرین کی3بو گیاں متاثر
وقتِ اشاعت : February 22 – 2015