|

وقتِ اشاعت :   February 24 – 2015

اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار کا کہنا ہے کہ ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین پر لندن میں قائم مقدمات سے پاکستانی حکومت کا کوئی تعلق نہیں اور نہ ہی کسی سفارتکار نے ان مقدمات پر اثرانداز ہونے کی کوشش کی ہے۔ وزیر داخلہ چوہدری نثار علی نے کہا کہ الطاف حسین قومی رہنما اور پاکستان کی تیسری بڑی سیاسی جماعت کے سربراہ ہیں جب کہ لندن میں ان پر قائم مقدمات سے پاکستانی حکومت کا کوئی تعلق ہے اور نہ کبھی کسی پاکستانی سفارت کار نے ان مقدمات پر اثر انداز ہونے کی کوشش کی۔ چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ مولانا عبدالعزیز نے آرمی پبلک اسکول پر حملے سے متعلق اپنا بیان واپس لیتے ہوئے واقعے کی مذمت کی ہے اور ساتھ ہی انہوں نے پولیس کو بہتر طرز عمل کی بھی یقین دہانی کرائی ہے لہٰذا کسی کو میڈیا میں بیان کی وجہ سے فوجی عدالت نہیں لے جایا جاسکتا۔ انہوں نے کہا کہ سابق صدر آصف زرداری کے خلاف  نیب کی جانب سے کسی کارروائی کا کوئی علم نہیں اس وقت ہماری توجہ صرف ریاست کے خلاف ہتھیار اٹھانے والوں کو منطقی انجام تک پہنچانے پر ہے۔