کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)کوئٹہ میں انسداد کی خصوصی عدالت نے اغواء سمیت مختلف مقدمات میں ملوث دو ملزمان کو عمر قید ، چودہ چودہ سال قید کی سز سنا دی۔ ملزمان کو چار چار لاکھ روپے جرمانے کی سزا بھی بھگتنا ہوگی۔ استغاثہ کے مطابق مسکین اللہ اور سیف اللہ نے دیگر ساتھیوں کے ہمراہ 2012ء میں کوئٹہ سے امیر حمزہ شاہوانی ایڈووکیٹ کو اغواء کیا تھا۔ بعد ازاں پولیس نے خفیہ اطلاع ملنے پر لکی مروت کے علاقے میں پولیس نے چھاپہ مار کرمغوی کو بازیاب کرایا۔ اس دوران فائرنگ کے تبادلے میں پولیس اہلکار زخمی بھی ہوئے جبکہ ملزمان میں سے دو مسکین اللہ اور سیف اللہ کو گرفتار کرلیا گیا تھا۔ ملزمان کو کوئٹہ لاکر ان کے خلاف متعلقہ تھانے میں مقدمہ درج کیا گیا ۔ تفتیش کے بعد ملزمان کے خلاف چالان انسداد دہشتگرد ی کی خصوصی عدالت IIکوئٹہ میں پیش کیا گیا۔ اس دوران ملزم سیف اللہ پولیس حراست سے فرار ہوگیا ۔ گزشتہ روز عدالت کے جج جناب نوروز خان ہوت نے اغواء کا جرم ثابت ہونے پر دونوں ملزمان کو عمر قید جبکہ دھماکا خیز مواد اور اسلحہ برآمدگی اور پولیس پر فائرنگ کے الزامات ثابت ہونے پر مزید چودہ چودہ سال قید کی سزا سنادی۔ ملزمان کو دونوں مقدمات میں چار چار لاکھ روپے جرمانے کی سزا بھی بھگتنا ہوگی۔