|

وقتِ اشاعت :   February 25 – 2015

برسبین: آئی سی سی ورلڈ کپ کے 16ویں میچ میں آئرلینڈ نے متحدہ عرب امارات کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 2 وکٹوں سے شکست دے دی۔ برسبین کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے گئے میچ میں آئرلینڈ نے ٹاس جیت کر متحدہ عرب امارات کو بیٹنگ کی دعوت دی جس کے جواب میں یو اے ای نے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 278 رنز بنائے، اوپنرز امجد علی اور اندری بیرینجر نے ٹیم کو اچھا آغاز فراہم کیا تاہم 49 کے مجموعے پر پہلی وکٹ گرنے کے بعد یو اے ای کی بیٹنگ لائن لڑکھڑا گئی اور 125 کے مجموعی اسکور پر اس کی آدھی ٹیم پویلین لوٹ گئی، امجد علی 45، اندری بیرینجر 13، کرشنا چندرن صفر، خرم خان 36 اور سواپنی پٹیل 2 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ متحدہ عرب امارات کی چھٹی وکٹ 131 کے مجموعی اسکور پر گری اور روہان مصطفیٰ بھی 2 کے انفرادی اسکور پر آؤٹ ہوگئے جس کے بعد شیمان انور اور امجد جاوید نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 107 رنز کی شراکت قائم کرکے ٹیم کے اسکور کو 238 تک پہنچایا جس کے بعد امجد جاوید 42 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوگئے تاہم شیمان انور نے جارحانہ بیٹنگ جاری رکھتے ہوئے 106 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ آئرلینڈ کی جانب سے میکس سورینسن، الیکس کوسیک، پال اسٹرلنگ اور کیون اوبرائن نے 2،2 جب کہ جارج ڈوکریل نے ایک وکٹ حاصل کی۔ آئرلینڈ نے 279 رنز کا ہدف سنسنی خیز مقابلے کے بعد آخری اوور میں 8 وکٹوں کے نقصان پر پورا لیا، محض 4 رنز پر پال اسٹرلنگ کی صورت میں پہلی وکٹ گرنے کے بعد ایڈ جوئس اور کپتان ولیم پورٹرفیلڈ نے محتاط انداز اپنایا اور بڑے شاٹس کھیلنے کے بجائے سنگل ڈبلز کو اہمیت دیتے ہوئے ٹیم کے اسکور کو 72 رنز تک پہنچایا جس کے بعد ایڈ جوئس 37 کے انفرادی اسکور پر آؤٹ ہوگئے جب کہ ولیم پورٹرفیلڈ بھی 37 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ آئرلینڈ کے چوتھے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی نیل اوبرائن تھے جو 97 کے مجموعے پر 17 رنز بنا کر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوئے جس کے بعد اینڈی بیلبرنی اور گیری ولسن نے ٹیم کو سنبھالا دیا اور ٹیم کے اسکور کو 171 تک پہنچایا تاہم پھر بیلبرنی 30 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔ آئرلینڈ کی آدھی ٹیم کے پویلین لوٹ جانے کے بعد کیون اوبرائن نے گیری ولسن کا ساتھ دیا اور 50 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی جب کہ گیری ولسن نے 80 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر ٹیم کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔ متحدہ عرب امارات کے امجد جاوید نے 3، محمد نوید اور محمد توقیر نے 2،2 جب کہ منجولا گروگ نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ بہترین کارکردگی پر گیری ولسن کو مین آف دی میچ سے نوازا گیا۔