کراچی: قومی ٹیم کے چیف سلیکٹر معین خان نے کسینو جانے کے معاملے پر قوم سے معافی مانگ لی ہے۔
معین خان نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ اگر کسینو جانے کے معاملے پر عوام کو تکلیف پہنچی جس پر معافی مانگتا ہوں۔
یاد رہے کہ معین خان ویسٹ انڈیز کے خلاف میچ سے قبل جواخانے گئے تھے جس پر گزشتہ روز چیئرمین پی سی بی نے انہیں پاکستان واپس آنے کی ہدایات جاری کی تھیں۔
معین نے کہا کہ وہ دوستوں کے ساتھ رات کا کھانا کھانے کسینو گیا لیکن میں مانتا ہوں کہ مجھ سے کھانے کی جگہ کے انتخاب میں غلطی ہوئی۔
‘نادانستہ طور پر کسینو گیا، قوم سے معافی مانگتا ہوں’۔
انہوں نے کہا کہ چیئرمین پی سی بی نے مجھ سے وطن واپس آ کر پوزیشن کلیئر کرنے کے لیے کہا ہے۔
معین خان کی وطن واپسی پر لاہور میں چیئرمین پی سی بی سے ملاقات متوقع ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ معین خان چیئرمین پی سی بی سے ملاقات کے بعد ممکنہ طور پر عہدے سے استعفیٰ دے سکتے ہیں۔
ادھر اطلاعات کے مطابق معین خان کو تاحال پاکستان کی فلائٹ نہیں مل سکی جس کے باعث ان کی وطن واپسی تاخیر کا شکار ہو گئی ہے۔