کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)کیچ کے علاقے تمپ میں سیکورٹی فورسز اور نامعلوم مسلح افراد کے درمیان فائرنگ کے تبادلے کے دوران داغا گیا مارٹر گولہ مسجد کی چھت پر جا گرا جس سے چھت کا آدھا حصہ شہید ہوگیا۔ مقامی ذرائع کے مطابق گزشتہ شب مکران ڈویژن کے ضلع کیچ کے علاقے تمپ میں نامعلوم مسلح افراد نے ایف سی کی چیک پوسٹ پر چھوٹے ہتھیاروں سے فائرنگ کی اور مارٹر گولے داغے ۔ جواب میں ایف سی نے بھی چھوٹے ہتھیاروں سے فائرنگ کے ساتھ ساتھ مارٹر گولے داغے۔ اس دوران نامعلوم سمت سے آنے والا مارٹر گولہ جامع مسجد تمپ کی چھت پر گرا جس سے مسجد کی چھت کا آدھا حصہ شہید ہوگیا اور پنکھوں کو بھی نقصان پہنچا۔