|

وقتِ اشاعت :   February 26 – 2015

کراچی: وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ اگلے تین سال میں پاکستان توانائی کے بحران سے باہر نکل آئے گا اور ملک میں گھریلو صارفین اور صنعتوں کو بجلی کی وافر مقدار دستیاب ہوگی۔ نویں پاکستان ایکسپو 2015 کی افتتاحی تقریب سے خطاب میں وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ ہمارا مقصد صرف بجلی کی فراہمی نہیں بلکہ سستی بجلی فراہم کرنا ہے اور اس سلسلے میں حکومت نے ایل این جی پر مشتمل پاور جنریٹرز منصوبے شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ صورتحال کو منفی سے مثبت بنانے کے لیے سخت محنت کر رہے ہیں اور مزید بجلی سسٹم میں شامل کردی گئی ہے۔ انھوں نے مزید بتایا کہ چین کے ساتھ اقتصادی راہداری کی مدد سے مزید بجلی پیدا کرنے کے پلانٹس لگائے جائیں گے اور 2017 تک 37000 میگا واٹ بجلی سسٹم میں شامل کی جائے گی۔ پاکستان ایکسپوکی افتتاحی تقریب سے خطاب کے دوران وزیراعظم نے امید ظاہر کی کہ اگلے 3 برسوں میں برآمدات کو 50 ارب ڈالرتک پہنچانے میں کامیاب ہوجائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ سال 2013 سے 2014 کے دوران برآمدات 25 ارب دالرز کے لگ بھگ تھیں ، تاہم 3 برسوں میں برآمدات کو 50 ارب ڈالرتک پہنچا دیں گے۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ حکومت نے ٹیکسٹائل پالیسی پرنظرثانی کی ہے، جس کے بعد ٹیکسٹائل برآمدات بھی 2019 تک 13 ارب ڈالر سے بڑھ کر 26 ارب ڈالر تک پہنچ جائیں گی۔ پاکستان ایکسپو کو ملک کی صنعتی ثقافت کا عکاس قرار دیتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ نمائش کے ذریعے پاکستان کی مصنوعات کو پوری دنیا میں متعارف کرانے کا موقع ملتا ہے اور اس کے ذریعے ہم عالمی سرمایہ کاروں کی توجہ حاصل کرنے میں کامیاب ہورہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ایکسپو 2015 کے ذریعے صنعتکاروں کو یہ موقع فراہم کیا گیا ہے کہ وہ عالمی خریداروں کا اعتماد حاصل کر کے اپنے کاروبار کو فروغ دے سکیں، اسی طرح بیرون ملک سے آنے والے سرمایہ کار بھی پاکستانی صنعتکاروں کے تجربے سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں، خصوصاً صنعتکاروں کے مابین براہ راست رابطوں سے تجارتی معاہدوں میں مدد ملے گی۔ وزیراعظم نے بتایا کہ ساؤتھ ایشین فری ٹریڈ پر عملدرآمد جاری ہے جس کے ذریعے جنوبی ایشیا کے ممالک آزادانہ تجارت کر سکتے ہیں اور اگلے 25 برسوں میں مزید صنعتی منصوبے شروع کیے جائیں گے۔ کراچی آپریشن اور اس کے نتائج پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ کراچی کے حالات بہتر ہورہے ہیں اور اگلے چھ ماہ میں یہاں مزید بہتری آئے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ معیشت اور امن ومان کے لیے خصوصی اقدامات کیے جارہے ہیں، تاکہ پاکستان کو ایک خوشحال ملک بنایا جا سکے۔ وزیراعظم نواز شریف جمعرات کو کراچی پہنچے، جہاں وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے ان کا استقبال کیا ۔