میلبرن: سری لنکا نے بنگلہ دیش کو 92 رنز سے شکست دے کر ورلڈ کپ میں دوسری کامیابی حاصل کر لی ہے۔
سری لنکا نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا ہے جو بالکل درست ثابت ہوا۔
بنگلہ دیش کے باؤلر سری لنکا کے بلے بازوں کے سامنے مکمل طور پر بے بس نظر آئے۔
سری لنکا کی واحد وکٹ 24 ویں اوور میں گری جب تھری مانے 78 گیندوں پر 52 رنز بنا کر روبیل حسین کی گیند پر تسکین احمد کے ہاتھوں کیچ ہوئے۔
تلکارتنے دلشان اور کمار سنگا کارا نے بنگلہ دیشی باؤلرز کی خوب خبر لی اور 210 رنز کی شراکت قائم کی جس کی بدولت لنکن ٹیم نے 332 رنز کا مجموعہ اسکور بورڈ کی زینت بنایا۔
دلشان نے 146 گیندوں پر 161 جبکہ سنگاکارا نے 76 گیندوں پر 105 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔
ایک بڑے ہدف کے تعاقب میں بنگلہ دیش نے بلے بازی شروع کی تو اننگ کی دوسری ہی گیند پر لاستھ ملنگا نے تمیم اقبال کی وکٹیں بکھیر دیں۔
بنگلہ دیشی ٹیم اس ابتدائی نقصان کے بعد کسی بھی موقع پر سنبھل نہ سکی اور وقفے وقفے سے وکٹیں گنواتی رہی۔
شبیر رحمان 53، شکیب الحسن 46 اور مشفیق الرحیم 36 رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے۔
بنگلہ دیش کی پوری ٹیم 47 اوورز میں 240 رنز بنا کر ڈھیر ہو گئی، ملنگا نے تین جبکہ سورنگا لکمل اور دلشان نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔
دلشان کو 161 رنز کی شاندار اننگ کھیلنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
واضح رہے کہ سری لنکن ٹیم کو ایونٹ کے پہلے میچ میں کیویز کےہاتھوں شکست اور افغانستان کے خلاف فتح حاصل ہوئی تھی۔
بنگلہ دیش نے پہلے میچ میں افغانستان کو شکست دی تھی جبکہ آسٹریلیا کے خلاف میچ بارش کے باعث منسوخ کر دیا گیا تھا۔