کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)بلوچستان کے ضلع کیچ میں فرائض میں غفلت برتنے پربلوچستان کانسٹیبلری کے14اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔ بارہ اہلکاروں کو گرفتار بھی کرلیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر کیچ ممتاز بلوچ کے مطابق بلوچستان کانسٹیبلری کے زونل کمانڈر نے لیویز تھانہ تربت میں 14بی سی اہلکاروں کے خلاف مقدمے کے اندراج کی درخواست دی ہے اور بتایا ہے کہ پسنی سے ملحقہ ضلع کیچ کی حدود میں شادی کور ڈیم پر تعینات بلوچستان کانسٹیبلری کے اہلکاروں نے فرائض میں غفلت برتی ہے ۔ اہلکاروں سے گزشتہ دنوں نامعلوم مسلح افراد نے سرکاری اسلحہ چھین لیا تھا اور ان کی جانب سے کوئی مزاحمت بھی نہیں کی گئی۔ زونل کمانڈر کی درخواست پر لیویز تھانہ تربت میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر کیچ کے مطابق مقدمے میں نامزد بلوچستان کانسٹیبلری کے14میں سے12اہلکاروں کو گوادر سے تربت منتقل کردیا گیا ہے اور انہیں لیویز تھانہ تربت کے حوالات میں بند کردیا گیا ہے ۔ ایک اہلکار نے کل گرفتاری دینے کی یقین دہانی کرائی ہے جبکہ ایک اہلکار مفرور ہے۔