|

وقتِ اشاعت :   February 27 – 2015

مستونگ(نمائندہ خصوصی )بلدیاتی الیکشن کے آخری مرحلے میں ہونے والے الیکشن میں میربلال کرد ڈسٹرکٹ چیئرمین اور حاجی عزیز سرپرہ وائس چیئرمین منتخب ہو ئے، جبکہ میونسپل کمیٹی اور چار یونین کونسلز ہر کورم پورا نہ ہونے کے باعث ایک مرتبہ پھر انتخابات کا انعقاد نہیں ہوسکا، تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ چیئرمین کیلئے گیلو پینل کے میربلال کرد اور نیشنل پارٹی کے حاجی انور شاہوانی کے درمیان مقابلہ تھا، 28جنوری کو ہونے والے الیکشن میں گیلو پینل کے اقلیتی کونسلر کی بیرون ملک ہونے کی وجہ سے کورم پورا نہیں ہوسکاتھا، 26فروری کو ہونے والے الیکشن میں 30ممبران میں سے گیلو پینل نے 20ممبران کی اکثریت سے نشست جیت لی ، جبکہ نیشنل پارٹی نے ڈسٹرکٹ انتخابات کا بائیکاٹ کیا، جبکہ میونسپل کمیٹی کیلئے چار جماعتی اتحاد اور نیشنل پارٹی کے ایک گروپ کے درمیان مقابلہ تھا، 33ممبران کے ایوان میں سے چار جماعتی اتحاد کے 20ممبران موجودتھے، 2ممبران کی عدم موجودگی کے باعث کورم پورانہ ہونے کی وجہ سے الیکشن نہ ہوسکیں، جبکہ چار یونین کونسلز پر بھی دوتہائی اکثریت کا معاملہ آیا، الیکشن کمیشن کے قانون کے مطابق بلدیاتی انتخابات میں دوتہائی اکثریت لازمی ہے 28جنوری کو بھی دوتہائی کی وجہ سے کورم پورا نہیں ہوسکا تھا، اب ٹاؤن کمیٹی پر انتخابات ایک مرتبہ پھر التواء کاشکار ہوگئے ہیں جبکہ ضلع مستونگ کے چار یونین کونسلز پر بھی الیکشن نہیں ہوسکیں، میر بلال کرد کے چیئرمین منتخب ہونے کی خوشی میں مٹھائی تقسیم کی گئی ، نومنتخب چیئرمین ڈسٹرکٹ کونسل میربلال کرد نے جیتنے کے بعد صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ڈسٹرکٹ کونسل کے ممبران نے جس اعتماد کا اظہار کیا اس کو کسی صورت ٹھیس نہیں پہنچائیں گے، اب جیتنے کے بعد ہماری تمام تر توجہ علاقے کی تعمیر وترقی پر مرکوز ہوگی ، عوام کے بنیادی مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرینگے، عوام کو مایوس نہیں کیا جائیگا