|

وقتِ اشاعت :   March 5 – 2015

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)بلوچستان کے ضلع کیچ میں دو افراد کی گولیوں سے چھلنی لاشیں ملی ہیں ۔ لیویز ذرائع کے مطابق مقتولین میں سے ایک شخص کے خاندان کے چار افراد کو بھی رواں ہفتے میں قتل کیا جاچکا ہے۔ تازہ واقعہ ضلعی ہیڈ کوارٹر تربت سے سو کلو میٹر دور دشت بلنگور میں پیش آیا جہاں نامعلوم افراد د و افراد کی لاشیں لیویز تھانے کے عقب میں پھینک کر فرار ہوگئے۔ صبح علاقہ مکینوں نے لیویزکو لاشوں کو اطلاع دی۔ لیویز ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں افراد کو گولیاں مار کر قتل کیا گیا ہے اور ان کی شناخت حمل ولد سبزل اور حمراز ولد حبیب کے نام سے ہوئی ہے۔ دونوں افراد چند دن قبل اغواء ہوئے تھے۔ مقتولین میں سے حمراز کے بھائی اور والدہ کو دشت کے علاقے میں دو دن قبل نامعلوم افراد نے قتل کردیا تھا جبکہ خالہ اور ایک خالہ زاد کو بھی اسی ہفتے نامعلوم افراد نے قتل کردیا تھا جبکہ ایک رشتہ دار کو اغواء بھی کیا جاچکا ہے۔علاوہ ازیں خضدارلیویز کے عملے نے ایک نامعلوم شخص کی نعش برآمدکرلی یہاںآمدہ اطلاعات کے مطابق گزشتہ روز خضدارلیویز کے عملے کوایک نامعلوم شخص کی نعش ملی جسے ہسپتال پہنچادیاگیامقتول کونامعلوم افراد نے قتل کرنے کے بعدنعش وہاں پرپھینک دی تھی۔علاوہ ازیں بلوچستان کے ضلع ڈیرہ بگٹی میں نامعلوم افراد نے اٹھارہ انچ قطر کی گیس پائپ لائن دھماکے سے تباہ کردی۔ لیویز ذرائع کے مطابق ڈیرہ بگٹی کے نواحی علاقے زین لوٹی میں نامعلوم افراد نے گیس پلانٹ کو جانے والی گیس پائپ لائن کو دھماکے سے تباہ کردیا۔ دھماکے کے باعث کنواں نمبر سات سے لوٹی پلانٹ کو گیس کی فراہمی معطل ہوگئی ہے۔ واقعہ کے بعد پی پی ایل انتظامیہ اور لیویز موقع پر پہنچ گئی ۔گیس کمپنی کے عملے نے متاثرہ پائپ لائن کی مرمت کا کام شروع کردیا۔