۔ — فائل فوٹو

|

وقتِ اشاعت :   March 5 – 2015

کوئٹہ: کوئٹہ کے علاقے سریاب روڈ پر فائرنگ کے تین مختلف واقعات میں دو افراد جاں بحق جبکہ چار افراد زخمی ہوگئے۔ پولیس کے مطابق بدھ کی شب تھانہ نیو سریاب کی حدود میں عوامی پٹرول پمپ کے قریب پرچون کی دکان ’’حلیم ٹریڈرز اینڈ جنرل اسٹور‘‘ پر نامعلوم شخص نے اندھا دھند فائرنگ کی جس کے نتیجے میں دکان میں موجود سکندر ولد عبدالستار لہڑی سکنہ کلی محمد شہی سریاب سر میں گولی لگنے سے موقع پر ہی جاں بحق جبکہ تین افراد زخمی ہوگئے۔ فائرنگ کرنے والا شخص سفید ٹوڈی گاڑی میں سے اترا اور فائرنگ کے بعد واپس گاڑی میں فرار ہوگیا۔ لاش اور زخمیوں کو فوری طور پر سول اسپتال لایا گیا جہاں تین زخمیوں کی شناخت محمد کریم ولد رستم لہڑی ، محمد یعقوب ولد محمد گلشن بنگلزئی سکنہ رئیسانی گلی اور نور احمد ولدشاہنواز لہڑی سکنہ کلی چلتن کے ناموں سے ہوئی ہے۔ تاہم فائرنگ کی وجہ معلوم نہ ہوسکی۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ایس ایچ او کیچی عاشق خٹک پولیس نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچے اور علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔ اس دوران ایس ایچ او کا ایک گن مین کانسٹیبل نجیب اللہ سڑک عبور کرتے ہوئے تیز رفتار گاڑی کی ٹکر سے آکر زخمی ہوگیا ۔ دریں اثناء تھانہ سریاب کی حدود میں کلی غریب آباد میں بلال مسجد کے قریب نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے الطاف حسین تاجک کو گھر کے قریب فائرنگ کرکے قتل کردیا اور فرار ہوگئے۔ مقتول کو جسم کے مختلف حصوں میں چار گولیاں لگیں جس کی وجہ سے موقع پر ہی اس کی موت واقع ہوگئی ۔ قتل کی وجہ رشتے کا تنازعہ بتایا جاتا ہے۔ ادھر تھانہ سیٹلائٹ ٹاؤن کی حدود میں مشرقی بائی پاس پر کلی تاج محمد میں نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے فائرنگ کرکے صابر شاہ کو زخمی کردیا اور فرار ہوگئے۔ فائرنگ کی وجہ معلوم نہ ہوسکی۔